Live Updates

مہران یونیورسٹی میں بھارتی حملوں اور جنگی جنون کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی

جمعرات 8 مئی 2025 17:07

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2025ء) مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں اساتذہ، طلبہ، افسران اور ملازمین کی جانب سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طحٰہ حسین علی کی قیادت میں بھارتی حملوں اور جنگی جنون کے خلاف لائبریری سے اولڈ ایڈمن بلاک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔احتجاجی ریلی میں شریک طلبہ، اساتذہ، افسران اور ملازمین نے بھارت کی جانب سے کیے گئے حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طحٰہ حسین علی نے کہا کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں حملے کر کے معصوم شہریوں کو شہید اور زخمی کیا ہے۔ شیخ الجامعہ نے کہا کہ بھارت کو ہوش سے کام لینا چاہیے، پوری قوم اپنی پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طحٰہ حسین علی کے مطابق دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگی ماحول اس خطے کے لیے ہرگز اچھا شگون نہیں، مہذب دنیا میں مذاکرات ہی مسائل کا حل ثابت ہوئے ہیں، بھارت کی جارحیت کا جواب دینے کی پاکستان کے پاس مکمل صلاحیت موجود ہے اور پاکستان اپنا بھرپور دفاع کرنا جانتا ہے۔

ریلی سے مہران یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن کے ڈاکٹر نصر اللہ پیرزادہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے جارحیت کر کے اقوام متحدہ کے معاہدوں کی خلاف ورزی کی ہے، پوری دنیا دیکھ رہی ہے کہ پاکستان دفاعی جنگ میں ہے، مودی سرکار پر جنگ کا بھوت سوار ہے۔ ریلی میں مہران یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیل کمار، ڈین فیکلٹی پروفیسر ڈاکٹر رضوان میمن، رجسٹرار لچھمن داس سوٹھر، میوٹا کے جنرل سیکرٹری انجینئر حافظ ارشد میمن، مہران یونیورسٹی ایمپلائیز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے غلام شبیر بلوچ اور دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات