Live Updates

گلگت بلتستان اسمبلی کی متحدہ اپوزیشن کا ہنگامی اجلاس، بھارتی جارحیت کی شدید مذمت، قومی یکجہتی پر زور

جمعرات 8 مئی 2025 23:08

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2025ء) گلگت بلتستان اسمبلی کے اپوزیشن اراکین کا کاظم میثم کی زیرصدارت ہنگامی اجلاس اپوزیشن چیمبر میں منعقد ہوا۔اجلاس کے دوران بھارت کی جانب سے عام شہریوں پر رات کے اندھیرے میں حملوں کو سنگین جرم اور قابلِ مذمت عمل قرار دیا گیا۔ اپوزیشن اراکین نے کہاکہ بھارتی وزیراعظم مودی ہندوتوا نظریے کے تحت پورے خطے کو جنگ کی لپیٹ میں لے کر اپنی جنگی جنونیت کو تسکین دینا چاہتا ہےجو عالمی استعماری ایجنڈے کی تکمیل کا حصہ ہے۔

اجلاس میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور مودی کو ایک ہی سوچ کے نمائندے قرار دیا گیا۔اپوزیشن نے کہاکہ 1971 کے سانحے کے بعد امریکہ پر اندھا اعتماد دانشمندی نہیں اور بظاہر لگتا ہے کہ پاکستان کو یہ جنگ تنہا لڑنی ہے۔

(جاری ہے)

ایسے حالات میں قومی یکجہتی، اتحاد اور سیاسی ہم آہنگی ناگزیر ہے۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ اپوزیشن ملکی سلامتی، استحکام اور دشمن کی جارحیت کے خلاف سکیورٹی فورسز اور پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔

بھارتی حملوں کے جواب میں پاک فوج کے مؤثر ردعمل کو بھی سراہا گیا۔اجلاس میں سرحدی علاقوں اور پورے خطے کے عوام کو موجودہ جنگی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار اور مستعد رہنے کی اپیل کی گئی۔ اپوزیشن نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر ہم اگلے محاذوں پر بھی جوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے جائیں گے۔ اس وقت شکوہ شکایتوں کی نہیں بلکہ عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔

متحدہ اپوزیشن نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں اور قیادت کو یکجا کرکے قومی بیانیہ اور متفقہ پالیسی تشکیل دے۔ عمران خان سمیت تمام قومی قائدین کو ایک میز پر بٹھا کر قوم کو یکسو کیا جائے، کیونکہ نیشنل مورال سے ہی جنگیں جیتی جاتی ہیں۔اجلاس میں کہا گیا کہ گلگت بلتستان چونکہ سرحدی اور حساس علاقہ ہے، اس لیے یہاں کے عوام، علما اور سیاسی قائدین کی ذمہ داریاں بھی زیادہ ہیں۔

متحدہ اپوزیشن نے اعلان کیا کہ وہ بھارتی جارحیت کے خلاف اور ملکی دفاع کے لیے صف اول میں کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ اس سلسلے میں صوبائی حکومت کو ایمرجنسی اقدامات کے لیے پیغام بھیجا گیا ہے۔اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ دفاع نہ صرف فوج کی بلکہ ہر فرد کی اخلاقی اور قومی ذمہ داری ہے، جس طرح آئین کی بالادستی کے لیے جدوجہد ضروری ہے، اسی طرح ملکی دفاع میں اپنا کردار ادا کرنا بھی ہر شہری کا فرض ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات