پاک افواج کا بھارت کوبروقت جواب قابل تحسین ہے‘سنی علما کونسل

بھارتی جارحیت کے خلاف پوری قوم متحد اور افواج پاکستان کے شابہ بشانہ کھڑی ہے‘ حافظ حسین احمد

جمعہ 9 مئی 2025 13:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2025ء)صدر سنی علما کونسل لاہور اور صوبائی ترجمان مولانا حافظ حسین احمد نے کہاہے کہ پاک افواج کا بھارت کوبروقت جواب قابل تحسین ہے، پاکستان جیسے خودمختار ایٹمی ملک کیخلاف جارحیت خطے کے امن کیلئے خطرناک اورتباہ کن ہوسکتی ہے،بھارتی جارحیت کے خلاف پوری قوم متحد اور افواج پاکستان کے شابہ بشانہ کھڑی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے جامع مسجد بلا ل سبزہ زار میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ بھارت کا پاکستان پر حملہ نہ صرف بزدلانہ اقدام ہے بلکہ پاکستان کی خودمختاری اورعالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی بھی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے عالمی برادری بھارتی جارحیت کافوری نوٹس لے بالخصوص جب امریکی صدر ٹرمپ بھار ت کی محدود سرجیکل اسٹرائیک کی حمایت کرتے ہوئے جلتی پر تیل کاکام کررہے ہیں بالکل ویسے ہی جیسے اسرائیل کی غزہ میں فوجی کارروائیو ں پر عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان کے ازلی دشمن بھارت کو یہ بات ذہن نشین کرلینی چاہئے کہ پاکستانی قوم ہر موقع پر اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی اور بھارتی جارحیت کا پاکستان کی افواج بھر پور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔