وکلا برادی نے افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے سندھ ہائیکورٹ سے کراچی پریس کلب تک ریلی نکالی

جمعہ 9 مئی 2025 18:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2025ء)وکلا برادی نے افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے کراچی پریس کلب تک ریلی نکالی۔ ریلی کی قیادت صدر بار بیرسٹر سرفراز میتلو اور سیکریٹری مرزا سرفراز نے کی۔ وکلا نے ہاتھوں میں بینر اور قومی پرچم اٹھا رکھے تھے۔ وکلا نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج پائندہ آباد کے نعرے لگائے۔

ریلی میں وکلا کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ صدر سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن بیرسٹر سرفراز میتلو نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سندھ ہائیکورٹ بار بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتی ہے۔ انڈیا کے ان اقدامات نے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ انڈیا نے رات کے اندھیرے میں چوروں کی طرح معصوم شہریوں پر حملہ کیا ہے۔ وکلا رہنماں کا کہنا تھا کہ پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

پاک فضائیہ نے 5 بھارتی طیارے اور ڈرون مار گرائے گئے ہیں۔ انڈیا نے معصوم شہریوں اور مساجد کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ آزاد جموں و کشمیر پر بھی رات گئے حملے قابل مذمت ہیں۔ انڈس واٹر ٹریٹی ختم کر کے پانی پر حملہ کیا ہے۔ بھارتی کا ساتھ دینے والے دہشتگرد قوتوں کو بھی نہیں چھوڑیں گے۔ پورا پاکستان بشمول وکلا برادری پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔

ملکی دفاع کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ پاکستان میں وار پروٹوکول ایکٹویٹی ہوچکا ہے۔سنی سنائی باتوں پر یقین نا کریں جھوٹی خبریں پھیلائی جارہی ہیں۔ میڈیا ان جھوٹی خبروں کا مقابلہ کرے۔ پاکستانی قوم کو متحدہ رہنا چاہیے۔ بھارت کو وہ شکست ہوگی جس کا اس نے سوچا بھی نہیں ہے۔ دوسری جانب افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لیے وکلا کی جانب سے عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کیا گیا۔ سٹی، ملیر سمیت تمام اسپیشل کورٹس میں مقدمات کی سماعت معطل ہے۔وکلا برادری کا کہنا تھا کہ پوری قوم کی طرح افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہے۔