مرکزی جماعت اہل سنت کراچی کا افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی

پاک فوج کی قربانیاں اور تیاری قوم کے لیے باعثِ اطمینان ہیں، صاحبزادہ زبیر ہزاروی

جمعہ 9 مئی 2025 18:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2025ء)مرکزی جماعت اہل سنت کراچی کے زیرِ اہتمام افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی اور دشمن قوتوں کے خلاف قومی اتحاد و وحدت کے مظاہرے کے طور پر کراچی پریس کلب کے باہر ایک پُروقار اور شاندار احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس عظیم الشان مظاہرے میں سینکڑوں علمائے کرام، مشائخ عظام اور کارکنان نے جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی۔

مظاہرے کی قیادت مرکزی جماعت اہل سنت کراچی کے امیرعلامہ صاحبزادہ محمد زبیر ہزاروی نے کی، جبکہ دیگر اہم رہنماؤں میں مولانا فیاض احمد نقشبندی، مولانا فاروق شاہ ہمدانی، مولانا غلام غوث گولڑوی، مولانا ریاض اشرفی، مولانا سید فرحان شاہ نعیمی، ملک سعید اختر، شیرمحمد نورانی، مفتی سید اکبرالحق قادری، مولانا حبیب اللہ قادری، مولانا اسرارقادری، قاری شمیم الدین، مفتی ساجد حسین لغاری، مولانا فیصل قادری،مولانا قاضی عبد القادر نورانی،مولانا قاضی عبد الرسول،شفیق اعوان،مولانا ارشاد الرحمٰن ودیگر شامل تھے۔

(جاری ہے)

علما نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ افواجِ پاکستان ہمارا فخر ہیں۔ یہ وہی پاک فوج ہے جس نے ہمیشہ ملک و ملت کے دفاع میں صفِ اول کا کردار ادا کیا ہے، خواہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہو، سیلاب ہو یا زلزلہ، یا پھر بیرونی سرحدوں پر دشمن کی جارحیت۔مقررین نے بھارت کی مسلسل جارحیت، لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوںاور مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کا بھی سخت نوٹس لیا۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان اپنے توسیع پسندانہ عزائم کے تحت نہ صرف کشمیر میں مظلوم عوام پر ظلم کر رہا ہے بلکہ پاکستان کے خلاف بھی مسلسل پراپیگنڈا اور اشتعال انگیزی میں مصروف ہے۔ ایسے حالات میں پاک فوج کی قربانیاں اور تیاری قوم کے لیے باعثِ اطمینان ہیں۔ ہم اپنی بہادر افواج کو سلام پیش کرتے ہیں اور واضح کرتے ہیں کہ 25کروڑ عوام پاک فوج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں۔

علما نے کہا کہ موجودہ عالمی اور علاقائی حالات میں قومی وحدت اور عسکری اداروں کی عزت و وقار کا تحفظ ہر محبِ وطن شہری پر فرض ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف جاری مہم کو ملک دشمنی قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔مظاہرین نے قومی پرچم، افواجِ پاکستان سے یکجہتی کے بینرز، اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ''افواجِ پاکستان زندہ باد''، ''بھارت مردہ باد''، ''کشمیر بنے گا پاکستان''، اور ''اداروں کے خلاف سازشیں بند کرو'' جیسے نعرے درج تھے۔احتجاج کا اختتام دعائے خیر پر ہوا، جس میں ملک کی سلامتی، ترقی، کشمیر کی آزادی، اور افواجِ پاکستان کی کامیابی کے لیے دعا کی گئی۔