پاکستان نے بھارتی جارحیت کیخلاف آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کا آغاز کردیا، دشمن کی متعدد فوجی تنصیبات تباہ

پاک فوج نے آپریشن کے آغاز پر ہی بھارت کی دفاعی تنصیبات پر میزائل داغ دیئے، بنیان مرصوص کا مطلب ’سیسہ پلائی دیوار‘ ہے

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 10 مئی 2025 05:40

پاکستان نے بھارتی جارحیت کیخلاف آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کا آغاز کردیا، ..
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مئی2025ء ) پاکستان نے بھارتی جارحیت کیخلاف آپریشن بُنْیانٌ مَّرْصُوْصٌ کا آغاز کرتے ہوئے دشمن کی متعدد فوجی تنصیبات کو تباہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاک فوج کی جانب سے بھارتی جارحیت کے خلاف آپریشن " بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ" شروع کردیا گیا ہے، آپریشن کے آغاز پر براہموس سٹوریج سائیٹ، ائیر بیس ادھم پور اور پٹھان کوٹ ائیر فیلڈ کو تباہ کر دیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے آپریشن" بُنْیانٌ مَّرْصُوْصٌ" کا باقاعدہ آغاز ہفتہ کی علی الصبح کیا، پاک فوج نے آپریشن کے آغاز پر ہی بھارت کی دفاعی تنصیبات پر میزائل داغے ہیں جس سے اب تک براہموس کی سٹوریج تباہ ہوگیا ہے، پاک فوج کے آپریشن کے دوران ائیر بیس ادھم پور کو تباہ کر دیا گیا ہے، پاک فوج نے میزائل داغے جس سے پٹھان کوٹ میں ائیر فیلڈ بھی تباہ ہو گئی۔

(جاری ہے)

سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے پوری طاقت کے ساتھ آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص (آہنی دیوار) کا آغاز بھارت کی ان بیسز کو ہدف بناتے ہوئے کیا گیا جہاں سے پاکستان کی مساجد، خواتین اور بچوں پر حملے کیے گئے، پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے 3 فتح میزائل فائر کیے گئے جن کا ہدف بیاس کے علاقے میں براہموس سٹوریج سائیٹ، ائیر بیس ادھم پور اور پٹھان کوٹ ائیر فیلڈ تھا، ان تینوں تنصیبات کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے، پاک فوج کے اپنے میزائل سے کامیاب نشانہ لگاتے ہوئے بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر کے جی ٹاپ اورسپلائی ڈپو اڑی کو تباہ کردیا۔

سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ بھارت میں مزید جگہوں پر حملے جاری ہیں، پاکستان کے آپریشن کا نام آپریشن "بنیان مرصوص" ہے، جس کا مطلب سیسہ پلائی دیوار ہے، ‏قرآن پاک کی سورۃ الصف (آیت 4) سے ماخوذ ہے جہاں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے "‏إِنَّ اللَّهَ يُحِبُّ الَّذِينَ يُقَاتِلُونَ فِي سَبِيلِهِ صَفًّا كَأَنَّهُمْ بُنْيَانٌ مَرْصُوصٌ‏"، بیشک اللہ اُن لوگوں سے محبت کرتا ہے جو اُس کے راستے میں اس طرح صف بستہ ہو کر لڑتے ہیں گویا کہ وہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں۔