بھارت کا پاکستان اور یو اے ای کی دوستی کی علامت پر حملہ

حملے میں رحیم یار خان میں قائم شیخ زاید انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو نشانہ بنایا گیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 10 مئی 2025 15:33

بھارت کا پاکستان اور یو اے ای کی دوستی کی علامت پر حملہ
رحیم یارخان ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مئی 2025ء ) بھارت نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی دوستی کی علامت پر بھی حملہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارت نے رحیم یار خان میں قائم شیخ زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملہ کر کے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ دیرینہ دوستی کی علامت کو نشانہ بنایا ہے، بھارتی حملے کے نتیجے میں ایئرپورٹ کو نقصان پہنچا، شیخ زاید ایئرپورٹ 1993ء میں متحدہ عرب امارات کے بانی صدر شیخ زاید بن سلطان النہیان کے تعاون سے تعمیر کیا گیا اور یہ دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کی ایک نمایاں علامت ہے۔

علاوہ ازیں بھارت نے سکھ برادری کے مقدس مقام ننکانہ صاحب کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی جسے پاکستانی افواج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنایا، سفارتی و عسکری ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت کا یہ جارحانہ طرز عمل ناصرف خطے میں امن کو خطرے میں ڈال رہا ہے بلکہ عالمی قوانین کی بھی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف پاکستان نے بھارتی جارحیت کا جواب دیتے ہوئے آپریشن بنیان مرصوص میں مسلح افواج نے صرف پانچ گھنٹوں میں وہ کر دکھایا جو کئی دہائیوں میں ممکن نہ تھا، یہ صرف حملہ نہیں تھا بلکہ پیشہ ورانہ مہارت، جدید ٹیکنالوجی اور ذہانت کی جنگ کا عظیم مظاہرہ تھا، جس میں S400 ایئر ڈیفنس سسٹم تباہ کردیا گیا جس سے بھارت کا غرور راکھ ہوا، JF17 تھنڈر کے ہائپرسونک میزائلوں نے آدم پور میں بھارت کے S400 سسٹم کو تباہ کر دیا جو ایک ایسا نظام ہے جسے بھارت ناقابلِ تسخیر سمجھتا تھا، جس کی قیمت 1.5 ارب ڈالر ہے۔

بتایا گیا ہے کہ سائبر میدان پر قبضہ جماتے ہوئے پاکستان نے بھارت کا ڈیجیٹل نظام درہم برہم کردیا، بی جے پی کی آفیشل ویب سائٹ سے لے کر بھارت کے دفاعی و تکنیکی ادارے، سب ہیک کر لیے گئے جن میں کرائم ریسرچ انویسٹیگیشن ایجنسی، مہانگر ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی، بھارت ارتھ موورز لمیٹڈ، ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ، بارڈر سیکیورٹی فورس، انڈیا کی منفرد شناخت اتھارٹی (UIDAI) شامل ہیں، 2,500 سے زائد سرکاری نگرانی کیمرے ہیک ہوگئے، بھارتی ایئر فورس، مہاراشٹر الیکشن کمیشن اور دیگر اہم اداروں کا ڈیٹا افشاں کردیا گیا، دشمن کا 70 فیصد بجلی کا نظام معطل ہوگیا، پورا سائبر اور مواصلاتی ڈھانچہ تباہ کردیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران دشمن کی زمینی و فضائی تنصیبات کی مکمل تباہی ہوئی، دہرانگیاری میں توپ خانہ مٹایا گیا، ناگروٹا میں براہموس میزائل سٹوریج تباہ ہونے کے ساتھ بھاری جانی نقصان بھی ہوا، اُڑی فیلڈ سپلائی ڈپو صفحہ ہستی سے مٹ گیا، بھمبر گلی (IIOJK) میں بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹرز مکمل تباہ کیا جاچکا ہے، اس کے علاوہ پٹھان کوٹ، برنالہ، اکھنور، بٹھِنڈہ، سرسہ جس کی تباہی کی تصدیق بھارتی میڈیا نے خود کی اس سمیت متعدد فوجی فضائی اڈے نیست و نابود کردیئے گئے۔

سکیورٹی ذرائع کی جانب سے بتایا جارہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کی کئی پوسٹیں مکمل طور پر تباہ کردی ہیں، جن میں لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کی جانب سے ربتانوالی پوسٹ، جزیرہ پوسٹ کمپلیکس، کافر مہری، شاہپر 3، غدر ٹاپ مکمل تباہ ی جانے والی پوسٹوں میں شامل ہیں، لائن آف کنٹرول پر جو بھارتی چوکیاں ختم کی گئی ہیں، ان میں نیزہ پیر سیکٹر کے سامنے کی تینوں اہم پوسٹس، دھرم سال 1، دانہ 1، ٹیبل ٹاپ شامل ہیں، دشمن کی ان پوسٹس کو مکمل طور پر ختم کیا جا چکا ہے، دیگر چوکیوں پر بھی کاری ضربیں لگی، اس کے علاوہ پاک فوج کی جانب سے من کوٹ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی آرٹلری گن پوزیشن کو بھی تباہ کر دیا گیا۔