Live Updates

بھارتی جارحیت سے زخمی ہونے والوں کی عیادت کیلئے چیئرمین وویمن کمیشن ریحانہ خان راولاکوٹ سی ایم ایچ پہنچ گئیں

پیر 12 مئی 2025 18:13

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2025ء)بھارتی جارحیت سے زخمی ہونے والوں کی عیادت کیلئے چیئرمین وویمن کمیشن ریحانہ خان راولاکوٹ سی ایم ایچ پہنچ گئیں۔ بھارتی گولہ باری سے زخمی ہونے والوں کی عیادت کی اور ان کی صحت یابی کیلئے دعا کی۔ اس موقع پرڈپٹی کمشنر سردارعمرفاروق، ایس ایس پی ریاض مغل اور دیگر ضلعی انتظامیہ نے بھی بھارتی جارحیت سے زخمی ہونے والوں کی عیادت کی اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے جائزہ لیاگیا ۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سردار عمرفاروق ،چیئرپرسن محترمہ ریحانہ خان نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر نے ایل او سی پر بھارتی فائرنگ سے متاثرہ ہونے والے افراد کی بحالی کیلئے بھرپور طریقے سے اقدامات اٹھارہی ہے۔

(جاری ہے)

اس وقت ہسپتالوں میں زخمی ہونے والوں کا فری علاج کیاجارہا ہے اور بعض زخمیوں کو ڈسچارج بھی کردیاگیا ہے اور سیریس مریضوں کا علاج ابھی جاری ہے۔

شہید ہونے والوں کو معاوضہ جات کی ادائیگی بھی کی جارہی ہے ۔ وزیراعظم چوہدری انوارالحق اس وقت بحالی کے کاموں میں مصروف عمل ہیں۔انہوں نے بھارتی جارحیت کے دوران شہید اور زخمی ہونے والوں سے اظہارتعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ایل او سی پر بسنے والوں کی قربانیاں لازوال ہیں ۔ ہماری افواج نے بے مثال جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔

قوم کے سر آج ان جوانوں کی جرآت و بہادری کے باعث فخر سے بلند ہیں ۔ رافیل کا گرانا مہارت کی مثال ہے، بھارت کے 300ملین ڈالر کے جہاز کو پاک فضائیہ کے 30 ملین ڈالر کے طیارے نے ملبہ بنا دیا۔ بروقت اور بھرپور جوابی کارروائی سے دشمن چاروں شانے چت ہوگیا، آج بے مثال کامیابی پر سجدہ شکر بجا لانے کا دن ہے۔ مودی کے ہندو توا نظریے نے خطے کا امن تباہ کر دیا، مودی جب سے وزیر اعظم بنا بھارت میں مسلمانوں پر زندگی تنگ کردی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے جو بھارت کو ہضم نہیں ہورہا، پہلگام واقعہ پاکستانی مداخلت نہیں بھارت کی فوج کی نااہلی ہے۔ ہماری افواج کی طاقت، جذبہ ایمانی اور پیشہ ورانہ صلاحیت ہے،ہمارے شاہینوں نے تین رافیل گرا کر تاریخ رقم کر دی، قوم فتح مبین پر شکرانے کے نوافل ادا کرے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات