Live Updates

بھارت کے ظلم کیخلاف پوری قوم نے ایک ہو کر دکھایا،حاجی علی مدد جتک ،روزی خان کاکڑ

ملکی سلامتی کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے پر پاک فوج اور پاک فضائیہ کے بہادر فوج کو سلام پیش کرتے ہیں،پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء رکن صوبائی اسمبلی

منگل 13 مئی 2025 19:55

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2025ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء رکن صوبائی اسمبلی حاجی علی مدد جتک اور سابق سینیٹر روزی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کو یکسر طور پر ناکام بناتے ہوئے آپریشن ’سندور کو ‘ ’تندور‘ بنا دیا، ہماری بہادر فوج نے قوم اور ملک کا بہادری سے دفاع کیا، آپریشن بنیان مرصوص تاریخ کے کامیاب ترین آپریشنز میں سے ایک ہے، بھارت کے ظلم کے خلاف پوری قوم نے ایک ہو کر دکھایا، ملکی سلامتی کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے پر پاک فوج اور پاک فضائیہ کے بہادر فوج کو سلام پیش کرتے ہیں ۔

یہ بات انہوں نے منگل کو پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ میں یوم تشکر پاکستان جشن فاتح کے جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے کارکنوں سے ملاقات اور مشاورت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ملک عبدالحمید ، اختر بلوچ، محی الدین رند،شاہجہان گجر ،یوسف بنگلزئی سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ حاجی علی مدد جتک اور روزی خان کاکڑ نے کہا کہ افواج پاکستان نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا دشمن کو اپنے طیاروں،ایئر ڈیفنس سسٹم اور میزائلوں پر ناز تھا،ہم نے سب خاک میں ملا دیا ہے،آپریشن بنیان مرصوص کامیابی سے مکمل ہوا،اس آپریشن کے کامیاب اختتام پروزیراعلیٰ کی ہدایت پر آج یوم تشکر اور جشن پاکستان منایا جائیگا جس میں پارٹی کارکن بھر پور انداز میں شرکت کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج، پاک فضائیہ جارحیت کے خلاف ہر وقت لڑنے کو تیار ہیں، قوم اور افواج بھارتی جارحیت کے خلاف ڈٹ کر کھڑے رہے اور دشمن کے تمام ناپاک عزائم خاک میں ملا دئیے گئے ۔ انہوںنے کہاکہ بھارت نے سولین اور معصوم افراد کو نشانہ بنا کر شہید کیا ہمارے شہدا کی قربانی راہیگاں نہیں جائیں گی یہ قربانیاں ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی وہ یوم تشکر اور جشن فتح میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات