جدید سائنسی ایجادات کو اپنا کر ہم موجودہ انسانی ضروریات اور جدید تقاضوں کو پورا کر سکتے ہیں،گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل

منگل 13 مئی 2025 22:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2025ء) گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ جدید سائنسی ایجادات کو اپنا کر ہم موجودہ انسانی ضروریات اور جدید تقاضوں کو پورا کر سکتے ہیں۔ اس جدید دنیا میں توانائی کے بحران اور بجلی لوڈشیڈنگ کے مسائل کا حل موجود ہے۔ اس وقت پورے پاکستان میں توانائی کے اہم چیلنجز کا سامنا ہے۔ بجلی کے روایتی نظام سے جدید شمسی نظام کی طرف منتقلی توانائی کے بحران اور عوامی شکایات کو کم کر سکتی ہے۔

یہ بات انہوں منگل کو گورنر ہاؤس کوئٹہ میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بجلی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پیش نظر ہم نے بلوچستان کی تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں سولر سسٹم اور جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کو اپنانے کا سلسلہ شروع کیا ہے جس کے تعمیری اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جدید سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو بروئے کار لا کر ہم مجموعی کارکردگی کو بڑھا سکتے ہیں، اخراجات کو کم کر سکتے ہیں اور ایک پائیدار مستقبل کی راہ ہموار کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے ہم آگے بڑھتے ہیں یہ ضروری ہے کہ ہم آرٹیفیشل انٹیلیجنس جیسی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو ترجیح دیں۔ اپنے بجلی کے نظام کو شمسی توانائی پر منتقل کر کے، ہم نہ صرف اپنی توانائی کی ضروریات کو پورا کر سکتے ہیں بلکہ مستقبل میں ہونے والی پیشرفت کے لیے بھی خود کو بہتر پوزیشن میں رکھ سکتے ہیں۔