Live Updates

بھارت کا قصائی اب پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے بھی نہیں دیکھے گا،وزیراعلیٰ سندھ

پاکستان کی افواج، بری، بحری اور فضائی تمام نے صرف چند گھنٹوں میں بھارت کے گھمنڈ کو خاک میں ملا دیا اور جو بھارت آج تک یہ سمجھ رہا تھا کہ وہ سپر پاور ہے اس کو ریت کا ڈھیر ثابت کردیا مراد علی شاہ و صوبائی وزراء کا پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے تحت سی ویو کلفٹن پر نشان پاکستان کے باہر منعقدہ یوم تشکر کی تقریب سے خطاب

جمعرات 15 مئی 2025 22:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2025ء)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور سندھ کابینہ کے وزرا نے کہا ہے کہ بھارت کا قصائی اب پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے بھی نہیں دیکھے گا، پاکستان کی افواج، بری، بحری اور فضائی تمام نے صرف چند گھنٹوں میں بھارت کے گھمنڈ کو خاک میں ملا دیا اور جو بھارت آج تک یہ سمجھ رہا تھا کہ وہ سپر پاور ہے اس کو ریت کا ڈھیر ثابت کردیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے تحت سی ویو کلفٹن پر نشان پاکستان کے باہر منعقدہ یوم تشکر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے صوبائی وزرا سید ناصر حسین شاہ، سعید غنی، سید ذوالفقار شاہ، ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید، سمیتا افضال ، علی راشد، ڈپٹی مئیر کراچی سلمان عبداللہ مراد و دیگر بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر محکمہ سیاحت و ثقافت کے تحت 40 فٹ طویل فلوٹ پر فنکاروں نے ملی نغمے گائے اور پاکستان کی فتح پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ میں پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر صوبائی وزیر سعید غنی اور وزیر ثقافت سید ذوالفقار شاہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے یوم تشکر کا یہ شاندار پروگرام مرتب کیا۔

انہوں نے کہا کہ شکریہ پاکستانی افواج اور قوم کا جنہوں نے سب کو اکٹھا کیا۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہماری فوج نے پاکستان کو سرخرو کیا اور ہماری فوج نے مودی کو دن کے تارے دکھائے۔ انہوں نے کہا کہ انشا اللہ پاکستان کی قوم ہمیشہ سرخرو ہوں گے اور امید ہے کہ گجرات کا قصائی سوچے گا بھی نہیں کہ وہ پاکستان سے جنگ کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا قصائی اب پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے بھی نہیں دیکھے گا۔

یوم تشکر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ پاک فوج نے صرف چند گھنٹوں میں گجرات کے قصائی کا غرور خاک میں ملا کر ثابت کردیا کہ پاکستانی فوج صرف فوجی سازو سامان سے ہی نہیں بلکہ جذبہ ایمانی سے سرشار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم آج تمام تر سیاسی اور نظریاتی اختلافات سے بالائے طاق ہوکر پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور بھارت سمیت دنیا بھر کو یہ واضح پیغام دے دیا ہے کہ پاکستان پر اگر کسی نے بھی میلی نظر رکھی تو اس کی آنکھیں نوچ لی جائیں گی۔

وزیر توانائی و پلاننگ و ڈویلپمنٹ سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ہم سب سے پہلے اللہ تعالی کے شکر گزار اور سجدہ گو ہیں کہ انہوں نے کفار پر ہمیں فتح و نصرت عطا فرمائی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج، بری، بحری اور فضائی تمام نے صرف چند گھنٹوں میں بھارت کے گھمنڈ کو خاک میں ملا دیا اور جو بھارت آج تک یہ سمجھ رہا تھا کہ وہ سپر پاور ہے اس کو ریت کا ڈھیر ثابت کردیا۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم جہاں اس فتح پر اپنے رب کے شکر گذار ہیں اور یوم تشکر منا رہے ہیں وہاں ہم اپنے ان شہدا کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے وطن کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ وزیر سیاحت و ثقافت سندھ سید ذوالفقار شاہ نے کہا کہ محکمہ ثقافت کے تحت آج کے اس یوم تشکر پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ آج ہم سرخ رو ہوئے ہیں تو اس کا سہرا پاک فوج اور پاکستانی عوام کے سر ہے اور انشا اللہ آئندہ بھی ہماری پاک فوج اس پاک سر زمین کے چپے چپے کی حفاظت کے لئے ہر وقت تیار اور گامزن ہے۔

اس موقع پر فنکاروں نے ملی نغمے سنا کر ہزاروں کی تعداد میں کراچی کے تمام اضلاع سے آئے ہوئے پارٹی کے کارکنوں اور عہدیداروں کے خون کو گرمایا۔ تقریب کے اختتام پر شاندار آتشبازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات