Live Updates

پیر صاحب پگارا کی صدارت میں جی ڈی اے کی کورکمیٹی کا اجلاس

سندھ کے مفادات کے تحفظ کے لیے کسی بھی اقدام اور قربانی سے گریز نہیں کریں گے،جی ڈی اے قیادت

جمعرات 15 مئی 2025 22:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2025ء)گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس(جی ڈی ای)کی کور کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو پیر صاحب پگارا کی صدارت میں راجہ ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پیر سید الدین شاہ راشدی، مرتضیٰ خان جتوئی، سید زین شاہ، ڈاکٹر صفدر علی عباسی، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، سید مظفر حسین شاہ، ڈاکٹر ذوالفقار مرزا،احسان جتوئی، راحیلہ مگسی، سائرہ بانو سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔

اجلاس میں سندھ کی عوام کو جانب سے کینالز کے منصوبہ کے خلاف تاریخی جدوجہد پر خراج تحسین پیش کیا گیاکینال کے مسئلے پر سندھ کے سیاسی ورکرز، دانشور وکلا طلبہ آبادگار اور ہاریوں نے لاکھوں کی تعداد میں سڑکوں پر آ کر دریائے سندھ پر اپنے پانی کے حق کو تسلیم کرنے کے لیے تاریخی جدوجہد کی۔

(جاری ہے)

جی ڈی اے قیادت نے اس بات پر غیر متزلزل یقین کا اظہار کیا کہ سندھ میں کینالز کا منصوبہ سندھ کے عوام کو کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگا ۔

کارپوریٹ فارمنگ اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے فیصلہ کو بھی کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا ۔جی ڈی اے قیادت سندھ کے مفادات کے تحفظ کے لیے کسی بھی اقدام اور قربانی سے گریز نہیں کرے گی۔ جی ڈی اے قیادت نے سندھ کے مختلف اضلاع میں ہاریوں کو بے گھر کرنے کے عمل کو ناقابل قبول قرار دیا اور اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ جی ڈی اے قیادت نے بھارت کے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے اقدام کو غیر قانونی اور مسلمہ بین الاقوامی قواعد کی خلاف ورزی قرار دیا۔

جی ڈی اے نے حکومت وقت بشمول پاکستان اسٹیبلشمنٹ سے اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ بھارت کو یہ فیصلہ واپس لینے پر مجبور کریں اور راوی اور ستلج کے عوام کے حق تسلیم کریں ۔جی ڈی اے قیادت نے آئین و قانون کی پاسداری پر زور دیتے ہوئے اس بات کا مطالبہ کیا کہ 26 ویں ائینی ترمیم نے آئین اور قانون کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور پیکا ایکٹ میں ترامیم آزادی صحافت پر ایک کاری وار ہے۔

پیر صاحب پگارا کے زیر صدارت اس اجلاس میں کراچی میں حالیہ شدید گرمی کے دوران سنگین قلت آب اور ٹینکرز کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا، جی ڈی اے کی کور کمیٹی نے مستقبل میں حزب اختلاف کی دیگر سیاسی قوتوں کے ساتھ روابط قائم رکھنے کا فیصلہ کیا اور قومی ایجنڈے پر دیگر جماعتوں کے ساتھ مشترکہ جدوجہد کا اعادہ کیا۔ جی ڈی اے قیادت نے عوام کو اس بات پر مبارکباد پیش کی کہ حالیہ پاک بھارت تنازع میں افواج پاکستان قوم کی توقعات پر بھرپور طریقے سے پوری اتری ہیں، اجلاس میں ملک کی معاشی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام کو ریلیف دینے کا مطالبہ کیا گیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات