جہلم ویلی بھر میں بھی آپریشن بنیانِ مرصوص کی تاریخی کامیابی پر یومِ تشکر جوش و جذبے سے منایا گیا

جمعہ 16 مئی 2025 22:03

چناری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2025ء)ملک اور آزاد کشمیر بھر کی طرح جہلم ویلی بھر میں بھی آپریشن بنیانِ مرصوص کی تاریخی کامیابی پر یومِ تشکر جوش و جذبے سے منایا گیا،مرکزی جامع مسجد امام اعظم ابو حنفیہ چناری میں شکرانہ کے نوافل ادا،پاکستان کی سلامتی اور مسلح افواج پاکستان کی کامیابیوں کے لیے خصوصی دعائیں۔تفصیلات کے مطابق یوم تشکر کے حوالہ سے ضلعی ہیڈ کوارٹر ہٹیاں بالا میں انجمن تاجران،سول سو سائٹی، پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام بڑی ریلیوں کا انعقادپل بازار سے ڈسٹرکٹ پریس کلب تک کیا گیا، ریلیوں کی قیادت انجمن تاجران ہٹیاں بالا کے صدر سید فیصل گیلانی،صدر پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن جہلم ویلی نبیل انجم عباسی اور دیگر نے کی،گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول بھروڑ اور ہوپ ہوم سکول بھروڑ کے زیر اہتمام بھی ریلی کا انعقاد کیا گیا اس موقع پر طلباء، طالبات، اساتذہ صاحبزادہ مدثر علی قدوسی، سید سعد ہمدانی، کونسلر وارڈ بنی حافظ سید جواد حسین ہمدانی، صاحبزادہ مبشر علی قدوسی نے شرکت کی، شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر افواجِ پاکستان کے حق میں نعرے درج تھے،جہلم ویلی کی فضاء پاک فوج زندہ باد،پاکستان زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان جیسے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی،شرکاء ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے انجمن تاجران ہٹیاں بالا کے صدر سید فیصل گیلانی،بلال ہمدانی، پرنسپل سرسید سکول لانگلہ عابد خان ترین، ایم ڈی سرسید سکول اینڈ کالج وسیم خان ترین،ممبر یونین کونسل سینا دامن سید جواد حسین ہمدانی اور دیگر نے کہا کہ آج کے دن مسلح افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جس نے اپنے سے کئی گنا بڑے ملک بھارت کو ناکوں چنے چبوائے،بھارتی وزیراعظم نریندر موودی کے پاکستان اور کشمیر کو فتح کرنے کے خواب چکنا چور ہوئے،کشمیر کا بچہ بچہ پاکستانی عوام اور مسلح افواج پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کرتا ہے حکومت پاکستان جب بھی بھارت سے مذاکرات کرے اس میں مسئلہ کشمیر سر فہرست ہونا چاہیے ،لائن آف کنٹرول اور بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں رہنے والے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم آپ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، وقت آنے پر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،۔

(جاری ہے)

مقررین نے مزیدکہا کہ آج کا دن نہ صرف اظہارِ تشکر کا دن ہے بلکہ یہ دشمن کو خبردار کرنے کا بھی دن ہے کہ کشمیر کے عوام بیدار اور متحد ہیں آپریشن بنیان مرصوص کے چرچے پوری دنیا میں ہیں بھارت اب کوئی بھی جارحیت کرنے سے پہلے سو بار سوچے ایسا نہ ہو اب کی بار بھارت سرکار کو چھپنے کی جگہ بھی نہ ملے ہماری فوج بھارت کو دندان شکن جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور کشمیری عوم بھی افواج پاکستان کے ساتھ ملکر ملک پاکستان کے دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی ریلیوں کے اختتام ملکی سلامتی اور افواجِ پاکستان کی کامیابی اور شہدا ء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیںکی گئی۔