Live Updates

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی کی ملاقات،پاک بھارت جنگ بندی کے بعد کی صورتحال پر تبادلۂ خیال

جمعہ 16 مئی 2025 22:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم نے برطانوی وزیر خارجہ کا پاکستان کے پہلے سرکاری دورے پر پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں رہنمائوں نے جنوبی ایشیا میں حالیہ پیش رفت بالخصوص پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے بعد کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی۔

نائب وزیراعظم نے برطانیہ کے وزیر خارجہ کو بھارت کے بلا اشتعال اور جنگجوانہ اقدامات سے آگاہ کیا، جو پاکستان کی خودمختاری، بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین ریاستی تعلقات کے قائم کردہ اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا حق استعمال کیا اور یہ کہ پاکستان کا ردعمل محدود، عین مطابق اور متناسب رہا، شہری ہلاکتوں سے بچنے کے لیے پوری احتیاط برتی گئی۔

(جاری ہے)

نائب وزیراعظم نے صورتحال کو بہتر بنانے میں مدد کرنے میں برطانیہ کی تعمیری اور نتیجہ خیز مصروفیت کو سراہا۔ دونوں فریقوں نے مزید کشیدگی کو روکنے اور علاقائی امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے تحمل اور پائیدار مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں فریقین نے پاک برطانیہ دوطرفہ تعلقات پر بھی وسیع پیمانے پر بات چیت کی۔ انہوں نے تجارت، اقتصادی تعاون اور ترقیاتی شراکت داری میں مسلسل پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

نائب وزیراعظم نے ترجیحی شعبوں بشمول تعلیم، صحت اور موسمیاتی لچک میں برطانیہ کی گرانقدر حمایت کا اعتراف کیا۔ دونوں رہنمائوں نے ماحولیاتی کارروائی اور پائیدار ترقی سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے اور گہرا کرنے کے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں اطراف نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان باہمی احترام، مشترکہ اقدار اور عوام کے درمیان مضبوط روابط پر مبنی تاریخی اور پائیدار تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ بیان کے مطابق برطانیہ کے وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مضبوط اور کثیر جہتی شراکت داری اور علاقائی اور عالمی چیلنجوں سے مل کر نمٹنے کے لیے ان کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات