Live Updates

چیئرمین بلاول بھٹو پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر یورپ کا دورہ کریں گے

مشکل حالات میں پاکستان کی خدمت کرنے کیلئے پرعزم ہوں، عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کی ذمہ داری قبول کرنے پر فخر ہے، دنیا میں پاکستان کا مئوقف پیش کروں گا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 17 مئی 2025 23:09

چیئرمین بلاول بھٹو پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر یورپ کا دورہ کریں گے
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 17 مئی 2025ء ) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر یورپ کا دورہ کریں گے، وزیراعظم نے بلاول بھٹو کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی ہے۔ میڈیا کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹووفد کے ہمراہ دورہ یورپ میں عالمی برادری کو بھارتی جارحیت سے آگاہ کریں گے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹونے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے آج رابطہ کیا گیا، مجھے ذمہ داری دی گئی کہ پاکستان کا مئوقف عالمی سطح پر پیش کرنے کیلئے وفد کی سربراہی کروں۔

مجھے فخر ہے کہ مجھے جو ذمہ داری دی گئی ، اس کو بخوبی نبھاؤں گا، پاکستان زندہ باد۔ وزیراعظم نے درخواست کی کہ وفد کے ہمراہ عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کروں۔

(جاری ہے)

درخواست کی گئی کہ وفد کی قیادت کروں اور دنیا میں پاکستان کا مئوقف پیش کروں۔مجھے عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کی ذمہ داری قبول کرنے پر فخر ہے، مشکل حالات میں پاکستان کی خدمت کرنے کیلئے پرعزم ہوں۔

نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ممالک میں کشیدگی میں کمی کیلئے کام ہورہا ہے، ہم بھارت کے ساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہیں، امریکی وزیرخارجہ نے کال کی اور کہا کہ بھارت سیز فائر کیلئے تیار ہے، ہم نے جواب دیا کہ اگر بھارت نے دوبارہ حملہ کیا تو ہمیں جواب دینے کا پورا حق ہے۔

سیزفائر کے بعد پورے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا، قرارداد میں کھلے دل کے ساتھ اپوزیشن کی تجاویز کو شامل کیا، ایک ہی قرارداد پر ہمارے اور اپوزیشن کے دستخط موجود ہیں۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کا بیانیہ دنیا میں اجاگر کرنے کیلئے پورا پلان 48گھنٹوں میں تیار ہوچکا ہے، پارلیمنٹرین کا ایک وفود امریکا، دوسرا برطانیہ، برسلزاور فرانس جائے گا، جبکہ ایک وفد روس بھی جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مناسب نہیں کہ پانی ایشو سے متعلق پلان میڈیا پر سامنے لاؤں۔ ہم ہر چیز کو دیکھ رہے ہیں، ڈیمز اور آبی ذخائر راتوں رات نہیں بنتے۔ ہم سندھ طاس معاہدے سے متعلق بھارت کو بھرپور جواب دے چکے ہیں، ہم نے ان کے 24اپریل کے خط کا جواب دے دیا تھا کہ آپ ایسا نہیں کرسکتے۔بھارت نے چار میزائل فائر کئے جن میں تین امرتسر میں گرگئے، بھارت کا ایک میزائل پاکستانی حدود میں آیا جس کو کامیابی سے گرا دیا گیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات