Live Updates

مودی کا پاکستان مخالف ایجنڈا عالمی سطح پر ناکام ہوگیا، رانا ثناء اللہ

ہفتہ 17 مئی 2025 23:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2025ء) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہےکہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور ان کی حکومت نے پہلگام واقعہ کے بعد پاکستان کے خلاف نفرت اور دشمنی کو فروغ دیا۔ہفتہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے پاکستان کا تشخص ختم کرنے کے جارحانہ دعوے کیے لیکن حقیقت میں انہیں شرمندگی اور شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو بدنام کرنے کی بھارت کی ناکام کوششوں پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اس کے اداروں کے خلاف بھارتی حکومت کی ان شرمناک کوششوں کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ اس کے بجائے، پاکستان کو دنیا بھر سے غیر متوقع سفارتی حمایت حاصل ہوئی جو اس کی شفافیت اور ذمہ دارانہ طرز عمل پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا اور سیاسی شخصیات پاکستان کے بارے میں مسلسل غلط معلومات پھیلاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کی نفرت انگیز مہم کا جواب نہیں دیا بلکہ عزم اور پختگی کے ساتھ اس کا مقابلہ کیا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات