Live Updates

عالمی سطح پر مودی حکومت کی سفارتی ناکامی بے نقاب

پاکستان کی پرامن اور فعال سفارتی حکمت عملی نے عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کی،رپورٹ

اتوار 18 مئی 2025 13:35

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2025ء)حالیہ عالمی کشیدگی کے دوران بھارتی سفارت کاری مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے، جبکہ پاکستان کی پرامن اور فعال سفارتی حکمت عملی نے عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کی۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق، مودی حکومت کی ملٹی الائنس پالیسی غیر مثر ہو کر رہ گئی ہے اور کسی بڑے عالمی ملک نے بھارت کی کھل کر حمایت نہیں کی، جبکہ چین، ترکی، ایران، سعودی عرب جیسے اہم ممالک پاکستان کے ساتھ کھڑے نظر آئے۔

چین نے پاکستان کی خودمختاری کی مکمل حمایت کا اعلان کیا اور ترکی نے پاکستان کے مقف کو عالمی سطح پر سراہا۔ ایران اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے بیک وقت پاکستان کا دورہ کر کے واضح پیغام دیا کہ پاکستان کو ترجیح دی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

امریکی کردار نے بھارت کو شدید دھچکا پہنچایا۔ واشنگٹن سے جاری ہونے والے جنگ بندی کے اعلان سے بھارت لاعلم رہا، اور امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں دہشتگردی کا ذکر تک نہیں کیا، جو مودی حکومت کے بیانیے کے لیے ایک سفارتی جھٹکا تھا۔

رپورٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ عالمی میڈیا میں پاکستان کا بیانیہ غالب رہا اور بھارتی میڈیا و حکومت کی جانب سے پیش کیے گئے دعوے، جیسے سرجیکل اسٹرائیک، دنیا نے مسترد کر دیے۔ اس کے برعکس، پاکستان نے شواہد کے ساتھ دنیا کو قائل کیا اور امریکہ کی ثالثی کو بھی مثبت انداز میں قبول کیا۔دفاعی ماہرین کے مطابق، بھارت نہ صرف جنگی میدان میں بلکہ سفارتی محاذ پر بھی تنہا ہوتا جا رہا ہے۔ عالمی برادری نے کشیدگی کم کرنے کو ترجیح دی اور بھارت کی "اندرونی معاملہ" کہنے کی حکمت عملی کو نظرانداز کر دیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات