Live Updates

بابر اعظم پی ایس ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ مرتبہ نروس نائنٹیز کا شکار ہونیوالے بیٹر بن گئے

پشاور زلمی کے 30 سالہ کپتان گزشتہ روز کراچی کنگز کیخلاف اہم میچ 49 گیندوں پر 94 رنز کی شاندار باری کھیلنے کے بعد رن آئوٹ ہوئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 18 مئی 2025 15:40

بابر اعظم پی ایس ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ مرتبہ نروس نائنٹیز کا ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 مئی 2025ء ) پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم پی ایس ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ مرتبہ نروس نائنٹیز کا شکار ہونیوالے بیٹر بن گئے۔
30 سالہ بابر اعظم گزشتہ روز کراچی کنگز کیخلاف اہم میچ 49 گیندوں پر 94 رنز کی شاندار باری کھیلنے کے بعد رن آئوٹ ہوئے اور ان کی ٹیم میچ نہ جیت سکی۔ یہ بابر اعظم کے پی ایس ایل کیریئر میں تیسرا موقع تھا جب وہ نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے، اس فہرست میں فخر زمان، بین ڈنک، ول سیمڈ اور شین واٹسن 2،2 مرتبہ نروس نائنٹیز کا شکار ہوکر دوسرے نمبر پر ہیں۔

 
بابر اعظم پی ایس ایل کی تاریخ میں نائنٹیز میں آئوٹ ہونے والے دوسرے بیٹر بھی بن گئے ہیں ، اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان 2022ء میں ملتان سلطانز کیخلاف 91 رنز سکور کرکے آئوٹ ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

 

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے27 ویں میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 23 رنز سے ہرا کر پلے آف کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

 
راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کےخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ کراچی کنگز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 237 رنز بنائے۔
کراچی کنگز کےکپتان ڈیوڈ وارنر نے 86 اور جیمز ونس نے 72 رنز بنائے۔ خوشدل شاہ 43 اور محمد نبی 26 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ 
پشاور زلمی کی جانب سے لیوک ووڈ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، علی رضا اور عارف یعقوب نے ایک ایک وکٹ لی۔

 
238 رنز کے ہدف کے جواب میں پشاور زلمی کی ٹیم 5 وکٹ پر 214 رنز بناسکی۔ پشاور زلمی کی جانب سے بابراعظم 94 اور صائم ایوب47 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ 
کراچی کنگز نے فتح کے بعد پلے آف کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پہلے ہی پلے آف کے لیےکوالیفائی کرچکی ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے 9 میچوں کے بعد 10 پوائنٹ ہیں جب کہ لاہور قلندرز کے 9 میچوں کے بعد 9 پوائنٹ ہیں اور ملتان سلطانز ایونٹ سے باہر ہوچکی ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات