گدون امازئی کے گاؤں سقر اتلہ کے 75خاندانوں کا پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیارکا اعلان

اتوار 18 مئی 2025 18:55

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2025ء)گدون امازئی کے گاؤں سقر اتلہ میں 75خاندانوں نے مختلف سیاسی پارٹیوں سے مستعفی ہوکر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیارکا اعلان کیا ۔اس سلسلے میں پی پی پی کا شمولیتی جلسہ ہوا جس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما محمد بلال خان شیرپاؤ نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ محمد بلال خان شیرپاؤ کا اپنے ساتھیوں کے ہمراہ موضع سقر پہنچنے پر اہل علاقہ نے پرتپاک استقبال کیا اور ان کو پھولوں کے ہار پہنائے ۔

شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے محمد بلال خان شیرپاؤ نے کہا کہ پی پی پی پسماندہ علاقوں کی تعمیر وترقی پر یقین رکھتی ہے ،شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو ووٹ کا حق دیا ،سیاست کو ڈرائنگ روم سے نکال کر گلی کوچوں میں لے آئے ،عوام کے ووٹوں سے منتخب ایم این اے اور ایم پی اے نے الیکشن کے بعد یہاں کے عوام اور علاقے کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا ،انتخابی وعدوں سے مکرجاناعوامی سیاست نہیں، اگر یہاں کے عوام نے موقع دیا تو اس علاقے کے عوام کی تقدیر بدل دینگے گورنر خیبرپختونخوا انشا اللہ جلد اتلہ کا دورہ کرینگے ،شیر غزن اوران کے ساتھیوں کو کبھی مایوس نہیں کریں گے ،75خاندانوں کا محتلف سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہوکر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت بہت بڑا بریک تھرو ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرے خاندان کی ملک وقوم کے لئے قربانیاں کسی سے پوشیدہ نہیں اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چل کر عوام کی خدمت کیلئے اپنی تمام توانائیاں صرف کر رہے ہیں پاکستان پیپلز پارٹی کو ضلع صوابی میں منظم کرینگے مظلوم طبقات کے حقوق کی جنگ کو اپنے منطقی انجام تک پہنچائیں گے اتلہ سقرکے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں گے تھانہ اتلہ پر نامعلوم شرپسندوں کا حملہ قابل مذمت ہیں گدون اتلہ کے امن کو برباد کرنیوالوں کا محاسبہ ضروری ہے حملے میں زخمی ہونے والے پولیس جوانوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہے۔