پاکستان میں نئے مالی سال کا بجٹ 2 جون کو پیش ہوگا

پیر 19 مئی 2025 22:43

پاکستان میں نئے مالی سال کا بجٹ 2 جون کو پیش ہوگا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2025ء)پاکستان میں نئے مالی سال 26-2025 کا بجٹ 2 جون کو پیش کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے آئندہ مالی سال میں پاکستان کی مجموعی آمدن 20 کھرب روپے تک لے جانے کا مطالبہ کیا ہے، رواں مالی سال پاکستان کی مجموعی آمدن تقریباً 17.8 کھرب روپے ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان تعمیراتی، صنعتی شعبوں کیلئے خام مال پر اور پراپرٹی کے لین دین پر ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کرنا چاہتا ہے، پراپرٹی کی خرید و فروخت پر ایف ای ڈی اور سپر ٹیکس ختم کرنے کی تجویز آئی ایم ایف کے سامنے رکھی جائے گی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح 11 فیصد تک بڑھانے کی یقین دہانی کروائی جائے گی، تنخواہ دار طبقے کو ریلیف کے لیے مختلف تجاویز بھی آئی ایم ایف کے سامنے رکھی جائیں گی، اگلے سال غیر ملکی قرض کی صورتحال اور اس کے انتظامات پر بات چیت مذاکرات کا حصہ ہے۔ذرائع کے مطابق اگلے مالی سال کے دوران پاکستان کو تقریباً 19 ارب ڈالر غیرملکی قرض واپس کرنا ہے، آئی ایم ایف قرض کی پائیدار ادائیگی پر زور دے رہا ہے۔ذرائع کے مطابق کاربن لیوی عائد کرنے کا فیصلہ بھی مذاکرات میں کیے جانے کا امکان ہے، دفاع، ترقیاتی پروگرام اور سبسڈی کو بھی ان مذاکرات میں حتمی شکل دی جائے گی۔