Live Updates

گولڈن ٹیمپل جیسے مقدس مقام کو نشانہ بنانے کا تصور بھی نہیں کرسکتے، پاکستان کا بھارتی الزام پر ردعمل

بھارت کا الزام ناقابلِ قبول اقدام سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے، پاکستان سکھ مذہب کے مقدس مقامات کا فخر سے نگہبان ہے، کرتارپور راہداری سے ویزہ فری رسائی فراہم کرتے ہیں؛ ترجمان دفتر خارجہ کا بیان

Sajid Ali ساجد علی منگل 20 مئی 2025 12:12

گولڈن ٹیمپل جیسے مقدس مقام کو نشانہ بنانے کا تصور بھی نہیں کرسکتے، ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مئی 2025ء ) پاکستان نے گولڈن ٹیمپل پر حملے سے متعلق بھارتی الزامات کو بے بنیاد اور غلط قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔ اس حوالے سے جاری بیان میں ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان پر گولڈن ٹیمپل کو نشانہ بنانے کا الزام بے بنیاد ہے، تمام مذاہب کے مقدس مقامات کا احترام کرتے ہیں، گولڈن ٹیمپل جیسے مقدس مقام کو نشانہ بنانے کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔

ان کا کہنا ہے کہ بھارت کا الزام ناقابلِ قبول اقدام سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے، پاکستان سکھ مذہب کے مقدس مقامات کا فخر سے نگہبان ہے، ہر سال ہزاروں سکھ یاتری پاکستان آتے ہیں، پاکستان کرتارپور راہداری کے ذریعے ویزہ فری رسائی فراہم کرتا ہے، گولڈن ٹیمپل سے متعلق بھارتی الزامات بے بنیاد اور غلط ہیں، بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب پاکستان میں عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا تھا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں بھارتی فوج نے الزام عائد کیا تھا کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہونے والے حالیہ فوجی تصادم کے دوران پاکستان نے ڈرونز اور میزائلوں سے امرتسر میں واقع سکھوں کے مذہبی مقام گولڈن ٹیمپل کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی، انڈین فوج کی 15 انفینٹری ڈویژن کے میجر جنرل کارتک سی شیشادری نے کہا کہ بھارت کی جانب سے 7 مئی کو پاکستان میں مبینہ دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے سے قبل ہی ارلی وارننگ اور ایئر ڈیفنس نظام کو فعال کر دیا گیا تھا، انڈین فوج کو اندازہ تھا کہ پاکستانی فوج انڈین حملوں کے جواب میں فوجی اور سول تصیبات بشمول مذہبی مقامات کو نشانہ بنا سکتی ہے۔

ان کا دعویٰ ہے کہ ہمارے پاس انٹیلیجنس معلومات موجود تھیں کہ گولڈن ٹیمپل بھی ممکنہ بڑے ایداف میں سے ایک ہے، گولڈن ٹیمپل کی حفاظت کے لیے انڈین فوج نے ایئر ڈیفنس سسٹم کو فعال کر دیا تھا، آٹھ مئی کو پاکستان نے ڈرونز اور میزائلوں کے ذریعے گولڈن ٹیمپل پر حملہ کیا جسے ناکام بنا دیا گیا، پاکستانی ڈرونز اور میزائلوں کو مار گرانے کے لیے انڈیا نے آکاش میزائل سسٹم اور ایل 70 ایئر ڈیفنس بندوقیں استعمال کیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات