Live Updates

حکومت سندھ نے سیلاب متاثرین کیلئے مثالی اقدامات کیے ہیں: شرجیل میمن

سندھ کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلیے 8 لاکھ سے زائد گھر مکمل طور پر تعمیر ہو چکے ہیں،سینئر صوبائی وزیر

منگل 20 مئی 2025 17:44

حکومت سندھ نے سیلاب متاثرین کیلئے مثالی اقدامات کیے ہیں: شرجیل میمن
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2025ء)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ نے سیلاب متاثرین کیلیے مثالی اقدامات کیے جو دنیا کیلئے مثال ہیں۔اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ سندھ کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلیے 8 لاکھ سے زائد گھر مکمل طور پر تعمیر ہو چکے ہیں۔پیپلز پارٹی رہنما شرجیل انعام میمن نے اپنے بیان میں کہا کہ سندھ حکومت نے عزم، محنت اور عوامی خدمت کے جذبے سے گھروں کی تعمیر کے منصوبے کو حقیقت کا روپ دیا ہے، یہ سب چیئرمین بلاول بھٹو کے وژن اور قیادت کا ثمر ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کیلیے یہ اقدامات ایک مثال بن چکے ہیں اور گھروں کی تعمیر کا کام تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ سندھ کے سیلاب متاثرہ لاکھوں خاندانوں کیلیے 21 لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف تھا، جس میں 8 لاکھ سے زائد گھر مکمل طور پر تعمیر ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

شرجیل میمن نے قیادت کے سابقہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ سیلاب متاثرین کو صرف امداد نہیں مکمل گھر دیے جائیں گے۔

سینئر وزیر سندھ شرجیل میمن نے بتایا کہ دن رات ایک کرکے متاثرہ علاقوں میں پائیدار اور ماحول دوست گھر تعمیر کیے جن میں صاف پانی، بیت الخلا، بجلی اور دیگر بنیادی سہولیات کو بھی شامل کر رہے ہیں۔پی پی رہنما نے تعمیر ہونے والے گھروں کے مالکانہ حقوق کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ گھروں کے مالکانہ حقوق خواتین کو دیے جار ہے ہیں تاکہ ان میں تحفظ کا احساس پیدا ہو۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پسماندہ علاقوں میں خواتین، بچوں، بزرگوں اور معذور افراد کی ضروریات کو مدنظر رکھا ہے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ محکمہ توانائی نے ہزاروں غریب اور متوسط خاندانوں کو سولر پینل فراہم کیے، غریب خاندانوں کو سولر پینلز کی فراہمی کا مقصد بجلی کے مہنگے بلوں سے نجات دلانا ہے۔ سولر پینلز متبادل توانائی کا ذریعہ نہیں، بلکہ معاشی آزادی کا راستہ ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات