Live Updates

منڈی بہاؤالدین، ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کی شاندار مشقیں ریسکیو 1122 کی قیادت میں اداروں کا باہمی ربط اور عملی تیاریوں کا عملی مظاہرہ،

منگل 20 مئی 2025 18:27

منڈی بہاوالدین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2025ء) منڈی بہاؤالدین میں ممکنہ سیلابی خطرات سے مؤثر طور پر نمٹنے اور بین المحکماتی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 کے زیرِ اہتمام دریائے چناب کے مقامات جوکالیاں پل، کھوٹا بھولا اور چھنی مانگا پر شاندار اور بھرپور عملی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔اس مشق میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو لیفٹیننٹ (ر) محمد احمد ظہیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 انجینئر عمران خان، انچارج ریسکیو سہیل خان نیازی، شوکت رانجھا سمیت مختلف محکموں بشمول لائیوسٹاک، محکمہ صحت، پولیس، آبپاشی، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران و عملے نے بھرپور شرکت کر کے اپنی ذمہ داریوں کا عملی مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے مختلف کیمپوں اور ریلیف پوائنٹس کا تفصیلی معائنہ کیا اور اداروں کی تیاریوں، آلات کی دستیابی، اور ان کے باہمی تعاون کا بغور جائزہ لیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر عمران خان نے انہیں بریفنگ دیتے ہوئے فرضی سیلابی ریسکیو آپریشنز، ریسکیو کیمپس، اور ہنگامی حالات میں ردعمل کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔

ریسکیو 1122 کے غوطہ خوروں اور اہلکاروں نے انتہائی مہارت سے ڈوبتے فرد کو پانی سے نکالنے، سیلاب زدگان کو کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کرنے، اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کر کے فیلڈ اسپتال پہنچانے کا عملی مظاہرہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لیفٹیننٹ (ر) محمد احمد ظہیر نے ریسکیو 1122 کی پیشہ ورانہ مہارت، فرض شناسی اور تیاریوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ نہ صرف پنجاب بلکہ پورے پاکستان کا فخر ہے، جو مشکل ترین حالات میں بھی انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے سینہ سپر نظر آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسی مشقیں اداروں کی مشترکہ حکمتِ عملی، دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال، اور ممکنہ سیلابی خطرات کے پیشِ نظر بروقت ردعمل کی صلاحیتوں کو مزید نکھارتی ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ فی الحال کسی قسم کے سیلاب کا کوئی خطرہ درپیش نہیں، تاہم ضلعی انتظامیہ اور تمام ادارے ہر ممکن صورتحال کے لیے مکمل طور پر چوکس اور تیار ہیں۔\378
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات