Live Updates

آئی ایم ایف نے مہنگائی کم ہونے کے حکومتی دعووں کی قلعی کھول دی

پاکستان میں بنیادی مہنگائی اب بھی 9 فیصد کی بلند سطح پر ہے، آئندہ مہینوں میں مہنگائی میں مزید اضافہ ہو گا، عالمی مالیاتی ادارے کی رپورٹ

muhammad ali محمد علی منگل 20 مئی 2025 20:29

آئی ایم ایف نے مہنگائی کم ہونے کے حکومتی دعووں کی قلعی کھول دی
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مئی ۔2025 ) آئی ایم ایف نے مہنگائی کم ہونے کے حکومتی دعووں کی قلعی کھول دی، بتایا کہ پاکستان میں بنیادی مہنگائی اب بھی 9 فیصد کی بلند سطح پر ہے، آئندہ مہینوں میں مہنگائی میں مزید اضافہ ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی معیشت سے متعلق آئی ایم ایف کی اہم جائزہ رپورٹ سامنے آئی ہے۔ آئی ایم ایف نے اپنی تازہ جائزہ رپورٹ میں کہا ہے کہ مالی سال 2024 میں جی ڈی پی کی شرح نمو 2.5 فیصد رہی پہلی ششماہی میں ترقی کی رفتار سست رہی اور پہلی سہ ماہی میں شرح سالانہ 1.3 فیصد جبکہ دوسری سہ ماہی میں 1.7 فیصد رہی جو اہم خریف فصلوں کی کم پیداوار اور صنعتی شعبے کی مسلسل سستی روی کو ظاہر کرتی ہے۔

آئی ایم رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران اہم فصلوں کی پیداوار مایوس کن رہی جبکہ صنعتی سرگرمیاں بھی سست رہیں، تاہم حالیہ بلند اشاریوں کی بنیاد پر مالی سال 2025 کی دوسری ششماہی اور اس کے بعد کے عرصے میں بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

آئی ایم ایف کے مطابق مارچ میں مہنگائی سالانہ بنیاد پر کم ہو کر 0.7 فیصد رہ گئی جس کی بڑی وجہ سخت مالی و معاشی پالیسیوں کے ساتھ ساتھ خوراک اور توانائی کی قیمتوں میں کمی رہی تاہم بنیادی مہنگائی اب بھی تقریباً 9 فیصد کی بلند سطح پر ہے۔

رواں مالی سال 2025 کے لیے مہنگائی کی پیش گوئی کو کم کیا گیا ہے اگرچہ آئندہ مہینوں میں اس میں نمایاں اضافہ متوقع ہے جس کی وجہ پچھلے سال کے کم اعداد و شمار کا اثر ہے۔ اگر مالیاتی پالیسی سخت رہی تو مالی سال 2026 کے دوران مہنگائی کو ہدفی دائرہ (5 سے 7 فیصد) میں واپس لانے کی امید ہے۔ آئی ایم ایف کی رپورٹ میں پاکستان میں ایکسپورٹ میں بھی کمی ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ آئی ایم ایف نے مالی سال 25-2024 کے لیے برآمدات کی پیش گوئی کم کر کے 31.305 ارب ڈالر کر دی ہے جو پہلے 31.751 ارب ڈالر تھی جبکہ درآمدات کی نئی پیش گوئی 57.634 ارب ڈالر ہے، جو پہلے 57.180 ارب ڈالر تھی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات