Live Updates

حکومت پائیدار توانائی کے ماحولی نظام کو فروغ دینے کیلئے پوری طرح پرعزم ہے، وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک

منگل 20 مئی 2025 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2025ء) وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان کی معروف تیل کی ریفائنریز کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) نے منگل کو ملاقات کی ۔ ملاقات کا مقصد ریفائننگ اور آئل مارکیٹنگ کمپنیز کے شعبوں کو درپیش طویل عرصے سے چلے آ رہے سیلز ٹیکس کے مسئلے کے حل کے لیے حکومت کے اقدام پر شکریہ ادا کرنا تھا۔

وزارت پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں حکومت کی جانب سے توانائی کی سلامتی کو یقینی بنانے اور 6 ارب ڈالر سے زائد کی ریفائنری اپ گریڈیشن منصوبوں کو آسان بنانے کی پختہ عزم کا اعادہ کیا گیاجو پاکستان کی ریفائننگ انفراسٹرکچر کو جدید بنانے کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ سیلز ٹیکس کے مسئلے کے حل سے تیل کی ریفائننگ صنعت میں سرمایہ کاری اور آپریشنل کارکردگی کے لیے سازگار ماحول بنانے میں ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سی ای اوز نے وزیر پیٹرولیم کے پیشگی اقدامات اور وزیراعظم کی ذاتی کوششوں اور تعاون کی تعریف کی جنہوں نے اس شعبے کے اہم چیلنجز کو حل کرنے میں مدد فراہم کی۔انہوں نے وزیراعظم کے ویژن کے مطابق ایندھن کے معیار کو بہتر بنانے، اخراج کو کم کرنے اور صاف توانائی کے حل کو فروغ دینے کے لیے ریفائنری اپ گریڈیشن منصوبوں کو آگے بڑھانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ حکومت پائیدار توانائی کے ماحولی نظام کو فروغ دینے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلز ٹیکس کے مسئلے کو حل کرنے کے اقدامات ہمارے اس عزم کی عکاسی کرتے ہیں کہ ہم ریفائننگ کے شعبے کو سپورٹ کریں، جو پاکستان کی توانائی کی سلامتی اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے،ریفائنری اپ گریڈیشن نہ صرف پیداواری کارکردگی کو بہتر بنائے گی بلکہ ہمارے صاف اور پائیدار توانائی کے ذرائع کی جانب منتقلی کے ہدف کے حصول میں بھی کارگر ثابت ہو گی۔

انہوں نےکہا کہ پالیسی میں استحکام کسی بھی شعبے کی بقا کی بنیاد ہے، جو سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھاتا ہے۔ ریفائنری اپ گریڈیشن منصوبے مکمل ہونے کے بعد ایندھن کے معیار کو نمایاں طور پر بہتر بنائیں گے، درآمدی پیٹرولیم مصنوعات پر انحصار کو کم کریں گے اور یورو-فائیو کے معیار کے مطابق ایندھن کی تیاری کے ذریعے ماحولیاتی پائیداری میں حصہ ڈالیں گے۔

یہ اقدام حکومت کی وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد توانائی کے شعبے کو مضبوط بنانا اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے ذریعے طویل مدتی معاشی استحکام کو یقینی بنانا ہے۔ وفاقی وزیر سے ملاقات کرنے والے وفد میں پاکستان ریفائنری لمیٹڈ کے سی ای او زاہد میر، پارکو کے منیجنگ ڈائریکٹر ارتضیٰ قریشی، اٹک ریفائنری لمیٹڈ کے سی ای او عادل خٹک، سائنرجیکو کے سی ای او عامر عباسی اور نیشنل ریفائنری لمیٹڈ کے سی ای او اسد حسن شامل تھے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات