Live Updates

سردارعتیق کی جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا عہدہ ملنے پر مبارکباد

اقدام سے افواج کامورال بلند ہوگا ،پوری دنیا میں پیغام جائے گا ہم اپنے ہیروز کی کس طرح قدر کرتے ہیں،سابق وزیراعظم آزاد کشمیر

بدھ 21 مئی 2025 19:09

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2025ء) آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان نے پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا عہدہ ملنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی کابینہ،حکومت پاکستان،صدر پاکستان اور وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور ان کی ساری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیںجنہوں نے بروقت اور درست فیصلہ کیا ہے۔

اس سے ہماری افواج کامورال بلند ہوگا اور پوری دنیا میں یہ پیغام جائے گا کہ ہم اپنے ہیروز کی کس طرح قدر کرتے ہیں۔دشمن کیلئے ایک بہت اچھا اور واضح پیغام ہے بھارتی جارحیت کا جس طریقے سے مسلح افواج پاکستا ن نے بہادری اور جرات سے مقابلہ کیا وہ لائق تحسین ہے ہم دل کی گہرائی سے دعاگو ہیں کہ مسلح افواج پاکستان کو آنے والے وقتوں میں بھی اس طرح کی کامیابی نصیب ہو ساری قوم مسلح افواج پاکستان کے ساتھ ہے ۔

(جاری ہے)

توقع ہے کہ آنے والے وقتوں میں اگر دشمن نے چالاکی کی اسی منہ کی کھانہ پڑے گی۔فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے بہادری، جراتمندی اور جدید ترین جنگی حکمت عملی کے جوہر دکھائے اور حالیہ بھارتی جارحیت میں ان کی حکمت عملی اس کا واضح ثبوت ہے۔فواج پاکستان کے سربراہ جنرل عاصم منیر کی بھار تی جارحیت خلاف کامیاب منصوبہ بندی نے تاریخی فتح سے ہمکنار کیا۔

اس کامیابی کے بعد عالمی دنیا افواج پاکستان کی صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ مہارت کی معترف ہوئی ہے۔کابینہ کے اس فیصلے سے پاکستان کی افواج کا مورال مزید بلند ہو گا، جنرل سید عاصم منیر حقیقی معنوں میں فیلڈ مارشل کے عہدے کے مستحق تھے، انہوں نے بنیان مرصوص آپریشن کے ذریعے دشمن کو شکست فاش سے دوچار کیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جرات اور بہادری کے اعزاز میں ان کی ترقی قابل ستائش ہے، معرکہ حق کے شہدا اور غازیوں کو اعلی سول ایوارڈ دینے کا بھی خیر مقدم کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے شہدا اور غازی ہمارے حقیقی ہیروز ہیں۔، پوری قوم اپنے شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرتی ہے، پاکستان کی مسلح افواج نے آپریشن بنیان مرصوص میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔دریں اثناء صدرمسلم کانفرنس نے بلوچستان میں بھارتی حمایت یافتہ د ہشتگردوں کی جانب سے اسکول بس پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسکول جانے والے معصوم بچوں پر حملے انسانیت سوز اور گھنائونا جرم ہے، بھارت پاکستان کے خلاف د ہشتگردوں کی حمایت میں ملوث ہے۔

بھارت پاکستان میں دہشتگردی کی کاروائیوں کیلئے دہشتگردوں کو سپورٹ فراہم کررہا ہے، دہشتگرد تعلیم اور انسانیت کے دشمن ہیں۔ا نہوںنے کہا کہ دہشت گرد ملکی ترقی اور صوبے کی خوشحالی کے دشمن ہیں، دہشت گرد بلوچستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے۔انہوں نے دہشتگرد حملے میں معصوم بچوں اور ان کے اساتذہ کی شہادت پر رنج و ملال کا اظہار کیا ۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات