بھارتی فوجیوں نے مزید 2کشمیری نوجوان شہید کر دئیے،کشمیر ہرگز بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں ہے، حریت کانفرنس

جمعرات 22 مئی 2025 17:23

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فوجیوں نےریاستی دہشت گردی کے دوران ضلع کشتواڑ میں دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے چھاتروسنگھ پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی پرتشدد کارروائی کے دوران شہید کیا۔ قبل ازیں اسی علاقے میں ایک حملے میں بھارتی فوج کا ایک اہلکار ہلاک ہو گیاتھا۔

آخری اطلاعات تک علاقے میں بھارتی فورسز کا آپریشن جاری تھا۔ بھارت نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد آزادی پسند کشمیریوں کے خلاف اپنی ظالمانہ کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔قابض فوجی نوجوانوں کو جعلی مقابلوںمیںمسلسل شہید اور گھروں کو بارودی مواد کے ذریعے مسمار کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیر ہرگز بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں ہے بلکہ یہ ڈیڑھ کروڑ کے لگ بھگ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی ہٹ دھرمی اور غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل کی وجہ سے جنوبی ایشیا مسلسل ایک غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے اور خطے پر ایٹمی جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں۔ ترجمان نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ تنازع کشمیر کے حوالے سے اپنی پاس کر دہ قراردادوں پر عملدر آمد کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے۔ سرینگر اور دیگر علاقوں میں پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں جن میں پاکستانی پرچم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور رافیل سمیت بھارتی جنگی طیاروں کو مار گرانے والے پاکستانیJ-10C لڑاکا طیارے کی تصاویر موجود ہیں۔

پوسٹروں کے ذریعے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی اور انکی جدوجہد کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا گیا ۔ ادھر نیشنل کانفرنس نے سری نگر میں ورکنگ کمیٹی کے اجلاس کے دوران ایک قرارداد منظور کی جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی کا مطالبہ کیا گیا۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے نائب صدر سرتاج مدنی نے سوپور میں پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں پائیدار امن و استحکام صرف بات چیت اور مفاہمت کے ذریعے ہی لایا جاسکتا ہے۔

ادھرآزاد جموںوکشمیر کے شہر باغ میں ”پاکستان زندہ باد“ کے عنوان سے ایک بڑی ریلی نکالی گئی، جس میں بھارت کے خلاف پاکستان کی شاندار فتح کا بھر پور جشن منایا گیا۔ ریلی کی قیادت حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے کی۔ ریلی کے شرکاءنے پاکستان اور پاک فوج کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔