Live Updates

انڈیا کو فوج نے لگام ڈالی ہے کے الیکٹرک کو عوام ڈالینگے، آفاق احمد

حکومت عوام دوست ہے توکے الیکٹرک قومیانے کا اعلان کرے،چیئرمین مہاجرقومی موومنٹ

جمعرات 22 مئی 2025 21:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2025ء)مہاجرقومی موومنٹ پاکستان کے چیئر مین آفاق احمد نے لوڈشیڈنگ کی وجہ سے گرمی کی شدت سے شہریوں کی ہلاکتوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نیوکراچی، اورنگی ٹائون،ضیا کالونی سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں کئی کئی روز گزرجانے کے باوجود بجلی کی بحالی کا کام مکمل نہیں کیا جاسکا جو حکومتی بدنیتی اور نااہلی کا واضح ثبوت ہے۔

آفاق احمد نے کہا کہ تعلیم، صحت،مواصلات سمیت بجلی،پانی عوام کی بنیادی ضرورت ہیں جسکی فراہمی حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے، ان بنیادی ضرورت کی فراہمی کو حکومت کاروبار نہیں بنا سکتی، کے ای ایس سی پاکستان کے قیا م کے وقت سے بلدیہ کے ماتحت نفع نہ کمانے والا ادارہ تھا، حکومت نے کے ای ایس سی کی نجکاری کرکے آئین کی خلاف ورزی کی اور اس عوام کی بنیادی سہولت کو فروخت کردیا۔

(جاری ہے)

آفاق احمد نے کہا کہ عوام درجنوں طرح کے ٹیکسزارکان اسمبلی اور وزرا کی تنخواہوں اور شاہ خرچیوں کیلئے نہیں ان بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے دیتے ہیں،کے ای ایس ای کی غیر آئینی نجکاری کے بعد لوگ گرمی سے مررہے ہیں اور زیادہ بلوں کی عدم ادائیگی پر خودکشیاں کررہے ہیں۔ آفاق احمد نے کہا کہ حکومت اگر عوام دوست ہے تو اپنے غیر آئینی اقدام کو واپس لے کر کے الیکٹرک کو قومیانے کا اعلان کرے اگر حکومت نے عوامی امنگوں کے مطابق اقدام نہ کیا تو انڈیا کو ہماری فوج نے لگام ڈالی ہے اور اب کے الیکٹرک کو عوام ڈالیں گے،عوام طاقت کا سر چشمہ ہوتی ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات