Live Updates

پاکستانی قوم کو محکوم بنادیا گیا ہے، کوئی کرنل بوٹ پر رکھ کر سویلین کا ٹرائل نہیں کرسکتا، سلمان اکرم راجہ

78 سالوں سے پاکستان میں جمہوریت پر شب خون مارا جا رہا ہے، 8 فروری کو جو الیکشن لوٹا گیا اس کو بچانے کے لیے 26ویں ترمیم لائی گئی، الیکشن لوٹنے والوں کو جمہوریت قبول نہیں؛ وکلاء کنونشن سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 24 مئی 2025 16:17

پاکستانی قوم کو محکوم بنادیا گیا ہے، کوئی کرنل بوٹ پر رکھ کر سویلین ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 مئی 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی قوم کو محکوم بنادیا گیا ہے، ایک کرنل بوٹ پر رکھ کر سویلین کا ٹرائل نہیں کرسکتا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں آل پاکستان وکلاء کنونشن کا انعقاد کیا گیا جہاں بیرسٹر سلمان اکرم راجہ اور انتظار حسین پنجوتھہ سمیت پاکستان بھر سے وکلاء نے شرکت کی، کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ 8 فروری کو الیکشن میں ڈاکے کے ذریعے جھوٹ اور فریب کے نظام کو مسلط کر دیا گیا اور پاکستانی قوم کو محکوم بنا دیا گیا ہے، 26 ویں ترمیم اسی نظام کا شاخسانہ ہے، 78 سالوں سے پاکستان میں جمہوریت پر شب خون مارا جا رہا ہے، 8 فروری کو جو الیکشن لوٹا گیا اس کو بچانے کے لیے 26ویں ترمیم لائی گئی ورنہ عدالتوں سے انصاف اگر ہو جاتا تو جمہوریت قائم ہو جاتی، مینڈیٹ واپس ہو جاتا لیکن الیکشن لوٹنے والوں کو جمہوریت قبول نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ عدلیہ میں 8 فروری کے بعد کچھ نہ کچھ دم باقی تھا جس کی مثال نومبر 2023ء میں سویلین کے ملٹری ٹرائل کے خلاف سپریم کورٹ کا فیصلہ تھا کہ ایک کرنل صاحب بوٹ پر رکھ کر سولین کا ٹرائل نہیں کر سکتے، آئین کا آرٹیکل 175(3) واضح ہے کہ جج کی کرسی پر کوئی ایسا شخص نہیں بیٹھ سکتا جو ایگزیکٹو سے تعلق رکھتا ہو کوئی مجسٹریٹ کمشنر ڈپٹی کمشنر جج بن کر فیصلہ نہیں کرسکتا۔

پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل کہتے ہیں کہ مقدمات صرف آزاد عدلیہ سن سکتی ہے کوئی کرنل صاحب نہیں سن سکتے، 1967ء میں عسکری حکومت نے آرمی ایکٹ میں تبدیلی کر دی اور کہا کہ اگر سویلین کسی عمارت کی طرف بڑھتا ہے تو اس کا ٹرائل ملٹری کر سکتی ہے، صرف الزام لگانا ہے اور کرنل صاحب نے سزا سنا دینی ہے یہ ترمیم 1987ء میں مکمل طور پر غیر آئینی ہو گئی تھی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات