Live Updates

وزیراعلیٰ کے پاس جائوں گا ، جو بل لارہے ہیں ان سے بھی بات کروں گا،اسپیکر ملک احمد خان کامجوزہ غنڈہ ایکٹ پر تحفظات کا اظہار

پیر 26 مئی 2025 17:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2025ء)اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے مجوزہ غنڈہ ایکٹ کے حوالے سے اپنے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ میں پولیس کو ایسے اختیارات دینے کے خلاف ہوں اور اس کے خلاف اپنا کردار ادا کروں گا ، میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے پاس بھی جائوں گا اور جو یہ بل لارہے ہیں ان سے بھی بات کروں گا ، جنہوں نے نو مئی کو شہداء کے مجسمے جلائے اگر انہیں سزا نہ دی گئی اور صلح کی بات کی گئی تو میں ناراض ہوں گا اور میری ناراضگی بڑی شدید ہو گی ۔

پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پی ٹی آئی تحریک عدم اعتماد کی باتیں نہ کرے ، اگر وہ ایسا کریں گے تو میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ ان کے اپنے ووٹوں میں سے بہت سارے ووٹ انہیں نہیں ملیں گے کیونکہ ان کے اپنے لوگوں کو اس طرز سیاست پر شدید اعتراض ہے ۔

(جاری ہے)

اسی جماعت نے الیکٹرول بل لانے کی بات کی تھی اور اس بل کے خلاف ان کے اپنے بیس سے بائیس لوگ ان کے ساتھ نہیں تھے اور انہی لوگوں نے ان کو چھوڑا اور جو ان کی حکومت گرنے کا سبب بنا ۔

میں ان سے کہتا ہوں ایسا کام نہ کرنا یہ بات پچیس سے تیس لوگوں تک جا سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ضرورت ہے ۔ ، دہشتگرد انسانیت کے دشمن ہیں اور یہ دوسری کوئی زبان نہیں سمجھتے ، ان کے سیاسی حقوق کے مطالبے نہیں یہ صرف دہشتگرد ہیں ،جو معصوم بچوں کی جان لے سکتے ہیں ان کی کوئی اور بات ہو سکتی ہے ، ان کے تانے بانے بھارتی ایجنسی سے ملتے ہیں اور اس کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں ۔

ساری قوم اپنی افواج کے پیچھے کھڑی ہے اور وہ اپنے مقصد میں کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے پی ٹی آئی سے ڈیل اور عمران خان کی رہائی کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ پھر پی ٹی آئی والوں نے اپنا وقت ضائع کیوں کیا ، کیوں تین چار سال شور شرابہ کیا ، کیوں گالی دی ، نو مئی کیا اور بلوے کئے ،یہ جرائم ہیں ان جرائم پر اگر کوئی صلح کی بات کرے گا ، جنہوں نے شہداء کے مجسمے جلائے اگر انہیں سزا نہ دی گئی اور ان سے صلح کی بات کی تو میں ناراض ہوں گا اورمیری ناراضی بڑی شدید ہو گی، میری قومی حمیت پر حملے کئے جائیں،میری فوج کو تماشہ بنانا کی کوشش کی گئی ،کور کمانڈر ہائوس کو جلایا گیا کیا یہ سیاسی کام ہیں، اسے کون سیاست کہتا ہے ، کیا گھر جلانا کسی کا سیاسی حق ہوگا،ان جرائم کی سزائیں دینا لازم ہے ، میں ڈائیلاگ کا حامی ہوں لیکن سیاست کی آڑ میں جرم کر کے اسے سیاست کا لبادہ پہنانا اس سے بڑا کوئی جرم نہیں ہو سکتا ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات