Live Updates

گورنرخیبرپختونخوا کا ایک روزہ دورہ بلوچستان ،وزیراعلی میر سرفراز بگٹی کے ہمراہ سی ایم ایچ کوئٹہ کا دورہ

پیر 26 مئی 2025 22:16

گورنرخیبرپختونخوا کا ایک روزہ دورہ بلوچستان ،وزیراعلی میر سرفراز ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2025ء)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی ایک روزہ دورہ بلوچستان پر وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے ہمراہ سی ایم ایچ کوئٹہ کا دورہ کیا اور اے پی ایس خضدار بس حملہ کے زخمی بچوں و دیگر زخمی افراد کی عیادت کی۔گورنر خیبر پختونخوا نے بچوں کے ساتھ پیار و شفقت کیا اور انکی صحت دریافت کی، گورنر نے زخمی بچوں کا حوصلہ بڑھایا اور انکی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

ہسپتال انتظامیہ کیجانب سے گورنر خیبر پختونخوا اور وزیر اعلی بلوچستان کو زخمی بچوں کو علاج معالجہ کی سہولیات سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔ہسپتال میں زخمی بچیوں کے والدین اور تیمارداروں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرخیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس، سیکورٹی فورسز اورعوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں، خیبرپختونخوا اوربلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکورٹی فورسز کامیابی سے مقابلہ کررہی ہے۔

(جاری ہے)

دہشت گردوں نے معصوم بچوں کو نشانہ بنایا ہے، خواہ وہ اے پی ایس پشاور کے بچے تھے یا اب اے پی ایس خضدار کے بچے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہماری سیکورٹی فورسز نے حال ہی میں بیرون جارحیت کا کامیابی سے مقابلہ کیااوربھارت کوسبق سکھایااور ثابت کیا کہ ملک کی سلامتی وخودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائیگی، اسی طرح ہماری مسلح افواج داخلی دہشت گردوں کابھی جوانمردی کے ساتھ مقابلہ کررہی ہے اور بہت جلد ان دہشت گردوں کاخاتمہ کیاجائیگا۔ گورنرنے اس موقع پر زخمی بچوں کے علاج معالجے کیلئے خصوصی انتظامات پر سی ایم ایچ انتظامیہ اور طبی عملہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات