سُکھ چین کی زندگی جیو، روٹی کھاؤ ورنہ میری گولی تو ہے ہی، مودی کی پاکستانیوں کیخلاف ہرزہ سرائی

پاکستان کے لوگوں کو کہنا چاہتا ہوں کہ آپ نے کیا پایا؟ انڈیا دنیا کی چوتھی بڑی معیشت بن گیا اور تمھارا کیا حال ہے؟دہشتگردی کی بیماری سے نجات کیلئے پاکستانی عوام کو آگے آنا ہوگا؛ ریلی سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی منگل 27 مئی 2025 10:58

سُکھ چین کی زندگی جیو، روٹی کھاؤ ورنہ میری گولی تو ہے ہی، مودی کی پاکستانیوں ..
گجرات ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 مئی 2025ء ) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا ہے کہ پاکستان کو دہشتگردی کی بیماری سے نجات دلانے کے لیے پاکستانی عوام خاص طور پر نوجوانوں کو آگے آنا ہوگا۔ گجرات میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ دہشتگردی پاکستان کی سرکار اور فوج کے لیے پیسہ کمانے کا ذریعہ بن گیا ہے، پاکستان کے لوگوں کو کہنا چاہتا ہوں کہ آپ نے کیا پایا؟ انڈیا دنیا کی چوتھی بڑی معیشت بن گیا اور تمھارا کیا حال ہے؟ آپ کی سرکار اور آپ کی فوج دہشتگردی کو پال رہی ہے، 15 دن تک ہم نے انتظار کیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف کوئی قدم اٹھائے گا لیکن شاید دہشت گردی ہی ان کی روزی روٹی ہے، جب انہوں نے کچھ نہیں کیا تو پھر میں نے ملک کی فوج کو کھلی چھوٹ دے دی۔

بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ انڈیا کے ٹارگٹ پر دہشت گردوں کے ہیڈ کوارٹر تھے، ہم نے دنیا کو دکھایا کہ ہم دہشتگردی کے اڈوں، ٹھکانوں کو یہاں بیٹھے بیٹھے مٹی میں ملا سکتے ہیں، انڈیا کی کارروائی سے پاکستان کیسے بوکھلا گیا یہ بھی ہم نے دیکھا ہے، نو تاریخ کی رات کو ہماری سرحد پر بھی ڈرون آئے، پاکستان کو لگتا تھا مودی گجرات کا ہے مگر ان کو 71 یاد نہیں رہا جب ہم نے انھیں دھول چٹائی تھی۔

(جاری ہے)

نریندر مودی نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ پاکستان نے معصوم شہریوں پر حملے کی کوشش کی، جب ان کے ڈرون دکھنے لگے تو ایک کے بعد ایک گرائے گئے، انڈیا نے ان کی فوج پر دو گنی طاقت سے حملہ کیا، دنیا دنگ رہ گئی جس طرح انڈیا نے حملہ کیا پاکستان کانپ رہا تھا، ان کے سارے ائیربیسز آج بھی آئی سی یو میں پڑے ہیں، پاکستان سیزفائر کے لیے مجبور ہوگیا تھا اور کچھ ہی گھنٹوں میں پاکستان نے سفید جھنڈا لہرا دیا۔

مودی نے اپنی تقریر میں کہا کہ انڈیا کی لڑائی سرحد پار دشتگردی سے ہے جو اس دہشتگردی کو پال رہا ہے، اس سے ہماری دشمنی ہے، جو بھی بھارتیوں کا خون بہانے کی کوشش کرے گا، اس کو اس کی زبان میں جواب دیا جائے گا اور آپریشن سندور دہشتگردی کے خاتمے کا مشن ہے، 22 اپریل کے بعد میں کبھی چھپا نہیں، سینہ تان کر بہار میں اعلان کیا تھا کہ میں دہشت گردی کے ٹھکانوں کو مٹی میں ملا دوں گا، پھر کہتا ہوں سکھ چین کی زندگی جیو، روٹی کھاؤ ورنہ میری گولی تو ہے ہی۔