پاکستان اور بھارت دیرینہ مسائل کا مستقل حل نکالیں‘ایرانی سفارتکار

ایران کی خارجہ پالیسی کا بنیادی نکتہ سب سے پہلے پڑوسی اور پھر مسلم ممالک سے اچھے تعلقات ہے‘حسن نوریان

منگل 27 مئی 2025 16:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2025ء)کراچی میں ایران کے سکبدوش قونصل جنرل حسن نوریان نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کو چاہیے کہ وہ جنوب ایشیا میں طویل البنیاد امن اور علاقائی استحکام کیلئے کام کریں اور دیرینہ مسائل کا مستقل حل نکالیں۔کراچی میں ڈپلومیٹک کور کے ڈین کا کردار ادا کرنے والے حسن نوریان نے یہ بات بطور قونصل جنرل سکبدوش ہو کر وطن روانگی کے موقع پر کہی۔

پاک بھارت سخت کشیدگی کے دوران ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے دورہ پاکستان اور بھارت کا حوالہ دیتے ہوئے حسن نوریان نے کہا کہ ایران حکومت بھی اس صورتحال کو قریب سے مانیٹر کررہی ہے اور امید ظاہر کی کہ صورتحال میں بتدریج بہتری آئے گی۔پاکستان اور بھارت سے تاریخی، ثقافتی اور تجارتی رشتوں کے پس منظر میں حسن نوریان نے کہا کہ ایران اس بات کا متحمل ہی نہیں ہوسکتا کہ اس صورتحال سے صرف نظر کی جائے۔

(جاری ہے)

ہم اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ اس پیچیدہ صورتحال کے درمیان اصل میں ہوکیا رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ ایران کی خارجہ پالیسی کا بنیادی نکتہ سب سے پہلے پڑوسی اور پھر مسلم ممالک سے اچھے تعلقات کا قیام ہے۔اس لیے پاک بھارت تعلقات معمول پر لانے کیلئے ایران سے جو ممکن ہوا وہ اقدام کیا جائیگا۔ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ایران پاکستان ہی نہیں پورے جنوب ایشیا سے اچھے تعلقات چاہتا ہے تاکہ یہ خطہ بھی ترقی کے منازل طے کرے۔