جوہری پروگرام پاکستانی قوم کے لئے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا عظیم تحفہ ہے،راجہ شبیر احمد

شہید بھٹو نے کہا تھا ہم گھاس کھا کر بھی گزارا کرلیں گے،لیکن پاکستان کو ایٹمی قوت بناکر رہیں گے

منگل 27 مئی 2025 16:57

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2025ء)پاکستان پیپلزپارٹی برطانیہ کے رہنما راجہ شبیر احمد نے 28 مئی یومِ تکبیر پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ جوہری پروگرام پاکستانی قوم کے لئے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا عظیم تحفہ ہے،شہید بھٹو نے کہا تھا ہم گھاس کھا کر بھی گزارا کرلیں گے،لیکن پاکستان کو ایٹمی قوت بناکر رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانا شہید ذوالفقار علی بھٹو کا مشن تھا،دختر مشرق شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بطور وزیراعظم ملک کے جوہری پروگرام کی حفاظت کی اور آگے بڑھایا، بھارت نے دھماکے کیے،تو شہید محترمہ بینظیر بھٹو بطور اپوزیشن لیڈر ڈٹ کر کھڑی ہوگئیں اور مطالبہ کیا حکومت بھی فوراً ایٹمی دھماکے کرے جس کے بعد ایٹمی دھماکے کئے گئے۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ جوہری پروگرام کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی آج بھی اپنے شہید قائدین کے نقش قدم پر چل رہی ہے یوم تکبیر پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، 28 مئی کو پاکستان ایک ایٹمی قوت کے طور پر دنیا کے سامنے ابھرا، پوری قوم کو سیاسی قیادت، مسلح افواج اور اپنے ایٹمی سائنسدانوں پر فخر ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یوم تکبیر قوم کے لیے قومی غیرت، قوم کی بے مثال جرات و بہادری کی علامت کا دن ہے آج کے دن پاکستان اسلامی دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بنا، آج کے دن پوری قوم اللہ پاک کا شکر ادا کرتی ہے،چاغی پہاڑ وطن عزیز کی ہیبت اور طاقت کا استعارہ ہے۔

ہم ملکی دفاع ترقی اور خوشحالی کیلئے یکسو ہیں اور کسی کو بھی اپنی منزل کی راہ میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے۔ آج اس عزم کا بھی اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔