Live Updates

موجودہ انتخابی نظام پر عوام کا اعتماد ختم ہو گیا، متناسب نمائندگی کی طرف جانا چاہیے

قومی ڈائیلاگ سے ملکی مسائل کا حل ڈھونڈنا ہوگا، الیکشن کمیشن الیکشن کرانے میں مکمل سنجیدہ نہیں، پاکستان کا استحکام مصنوعی بنیاد پر نہیں غیرجانبدار الیکشن میں ہے، نائب امیرجماعت اسلامی لیاقت بلوچ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 27 مئی 2025 19:06

موجودہ انتخابی نظام پر عوام کا اعتماد ختم ہو گیا، متناسب نمائندگی کی ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 27 مئی 2025ء ) نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ قومی ڈائیلاگ سے ملک کے مسائل کا حل ڈھونڈنا چاہیے، الیکشن کمیشن الیکشن کرانے میں مکمل سنجیدہ نہیں ہے، پاکستان کا استحکام مصنوعی بنیاد پر نہیں غیر جانبدار الیکشن میں ہے،پاکستان میں انتخابی نظام پر عوام کا اعتماد ختم ہوگیا، اب متناسب نمائندگی کی طرف جانا چاہیے جس سیاسی جماعت کو جتنے ووٹ ملے اس حساب سے اس کو اسمبلیوں میں نمائندگی دی جائے، پنجاب،اسلام آباد اور ضلع کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات نہ کرواکر عوام کو ان کے حق سے محروم کیا جارہاہے،وفاقی و صوبائی حکومتیں بلدیاتی انتخابات میں رکاوٹ ہیں۔

ان خیالات کا اظہار نائب انھوں نے الیکشن کمیشن کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ کی سربراہی میں جماعت اسلامی کے وفد جس میں مرکزی رہنما جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید پراچہ، امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم، امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا، عنایت اللہ خان، سید عارف شیرزای،عارف سلطان،سیف اللہ گوندل ایڈووکیٹ ودیگر رہنما شامل تھے نے الیکشن کمیشن اسلام آباد میں سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید سے ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی کے مرکزی وفد نے الیکشن کمیشن کے سیکرٹری اور ڈائریکٹر کے پینل کے ساتھ ملاقات کی ہے۔ جماعت اسلامی الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ جماعت ہے۔ سالانہ مالیاتی رپورٹ الیکشن کمیشن میں بروقت جمع کرتے ہیں۔ جماعت اسلامی نے کوشش کی ہے کہ الیکشن کمیشن مالی انتظامیہ اعتبار سے خود مختار ہو اور انتخابات الیکشن کمیشن کا عملہ خود کرائے۔

انھوں نے کہا کہ اسلام آباد، پنجاب اور ضلع کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات نہیں ہورہے ہیں، عوام کو ان کے حقوق سے محروم کیا گیا ہے، ملاقات میں اس مسئلہ کو اٹھایا گیا جس پرالیکشن کمیشن نے کہاہے کہ وہ الیکشن کرانے کے لیے تیار ہیں، صوبائی اور وفاقی حکومت قانون میں ترمیم کردیتی ہیں جس کی وجہ سے الیکشن نہیں ہورہے ہیں۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو بلدیاتی انتخابات کا حکم دیا مگر الیکشن کمیشن نے اس کو التوا میں ڈالا، پاکستان کے عوام کو بلدیاتی انتخابات کا حق ملنا چاہیے، بلدیاتی نظام کو آئینی تحفظ ملنا چاہیے، جہاں بلدیاتی انتخابات ہوئے ہیں ان کے پٹیشن پر فیصلے نہیں ہورہے اور اس کو التوا میں ڈالا جارہاہے۔

پاکستان میں انتخابی نظام پر عوام کا اعتماد ختم ہوگیا ہے اب متناسب نمائندگی کی طرف جانا چاہیے اور الیکشن کمیشن اس پر کام کرے، فارم 45 اور فارم 47 کی بنیاد پر تفریق سے ملک کو نقصان ہورہاہے، متناسب نمائندگی پر ووٹ دیا جائے جن جماعتوں کو ووٹ ملے اس کے مطابق سیاسی جماعتوں کو قومی اسمبلی میں نمائندگی ملنی چاہیے، بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنا چاہیے، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال سے فرار کے بجائے اس پر الیکشن کرائے جائیں، الیکشن کمیشن اس پر اپنا کردار ادا کرے،ماضی میں جو حکومتیں رہی ہیں ان میں سے مسلم لیگ ہے پیپلز پارٹی ہو یاپی ٹی آئی کسی نے انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے کردار ادا نہیں کیا کہ عوام کا الیکشن پر اعتماد ہو۔

نائب امیر جماعت نے کہا کہ موجودہ پاک بھارت کشیدگی میں اسلام،دو قومی نظریہ اور قرآن ہی ملک کی واحدت کا ذریعے بنا۔ انہوں نے کہاکہ قومی ڈائیلاگ سے ملک کے مسائل کا حل ڈھونڈنا چاہیے،قومی قیادت کو آگے آنا ہوگا اور قومی ڈائیلاگ کرنا ہوگا، جماعت اسلامی قومی قیادت کے ساتھ رابطہ بھی کرتی ہے، سیاسی جماعتیں ماضی کی غلطیوں سے رجوع کریں اور شفاف انتخابات دلانے کے لیے اپنا قومی فرض ادا کریں۔

سوالات کے جواب میں لیاقت بلوچ نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ہم بلدیاتی انتخابات کرنے کے لیے تیار ہیں حکومت آرڈیننس لاکر اس کو ملتوی کر رہی ہے، اب حکومت کو اس کی وضاحت کرنی چاہیے، الیکشن کمیشن نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی پیچیدگیوں سے آگاہ کیا۔پاکستان میں بار اور پاکستان انجینئرنگ کونسل کے انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے ہوتے ہیں، الیکٹرانک ووٹنگ مشین پاکستان میں بنائی جائے، فارم 45 اور فارم 47 کا قضیہ موجود ہے، صاف شفاف الیکشن کے معاملے پر الیکشن کمیشن اپنے آپ کو بری الذمہ نہیں کہہ سکتا،الیکشن کمیشن دبا ؤمیں آکر انتخابات میں مسائل پیدا کرتاہے،الیکشن کمیشن انتخابات کرانے میں مکمل سنجیدہ نہیں، پاکستان کا استحکام مصنوعی بنیاد پر نہیں غیر جانبدار الیکشن میں ہے۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات