پاکستان اور چین کے مابین مستحکم تعلقات کے فروغ کیلئے پاکستانی نوجوانوں کو چینی کمپنیوں میں روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے، چینین سفیرجیانگ زیڈونگ

منگل 27 مئی 2025 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2025ء) پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے مابین مستحکم تعلقات کے فروغ کے لئے پاکستانی نوجوانوں کو چینی کمپنیوں میں روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔وہ منگل کو نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنکل ٹریننگ کمیشن پاکستان (نیوٹیک )کے زیر اہتمام چین چیمبر آف کامرس پاکستان کے تعاون سے منعقدہ جاب فیئر سے خطاب کر رہے تھے۔

جاب فئیر میں 5سو ہنر مند پاکستانی نوجوانوں کو جابز دی جائیں گی، جاب فئیر میں تین ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں ۔اس موقع پرچینی کمپنی تھانگ انٹرنیشل اور پاکستانی ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ کے مابین آئی ٹی و ڈیجیٹل ٹریننگ فراہم کرنے کا معاہدہ بھی طے پا یا۔ تقریب میں وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

چینی سفیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چینی کمپنیوں کو ساز گار مواقع فراہم کرے گا تو چینی کمپنیاں پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گی ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو پاکستان کے لئے بونس ہے، چین پاکستانی نوجوانوں کو جاب دینے کے لئے پرعزم ہے ،اس عمل سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو فروغ ملے گا، چین میں 11ہزار سے زائد ووکیشنل ادارے ہیں جہاں سے ہر سال 10ملین نوجوان ہنر مند بن کر نکلتے ہیں ،پاکستانی نوجوانوں کو سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں آنا چاہئے ،اس میں مواقع زیادہ ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ چین تعلیم ، سائنس و ٹیکنالوجی اور ہیومن ریسورس کے میدان میں تعاون کر کے پاکستان کو فائدہ دے گا۔ وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاک چین دوستی خطے میں خوشحالی اور استحکام کی علامت ہے،چین اقوام عالم میں ابھرتی ہوئی قوم ہے، پاکستان اہم دور سے گزر رہا ہے اور اسے چین کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ اس موقع پر چئیر پرسن نیوٹیک گل مینہ بلال نے کہا کہ کراچی کے 20 ووکیشنل اداروں کا چینی کمپنی تھانگ کے ساتھ معاہدہ ہوا ہے جس کے تحت پاکستانی نوجوانوں کو ہنر مند بنایا جائے گا ،یہ معاہدہ آئی ٹی اور ڈیجیٹل شعبہ میں ہوا ہے ،اس معاہدے کے تحت سمارٹ لیبر بنائی جائیں گی ۔

قبل ازیں جاب فئیر کی افتتاحی تقریب میں وزیر مملکت برائے تعلیم و تربیت وجیہہ قمر نے کہا کہ یہ جاب فئیر سے بڑھ کر ایک اعلان ہے کہ پاکستانی ہنر مند نوجوان انتہائی باصلاحیت ہیں ،ہمارے نوجوان جاب سیکر نہیں فیوچر میکر ہیں،پاکستان مزاحمت اور حوصلہ مندوں کی زمین ہے ،اسی طرح پاک چین اکنامک راہداری ایک روڈ نہیں بلکہ ایک منزل کا تعین ہے،یہ وزیراعظم محمدشہباز شریف کا وژن ہے کہ ہنر مند پاکستان ہی اڑان پاکستان کا سبب بنے گا ،ہم ایک ہنر مند پاکستان بنا کر ہی پاکستان کی معیشت کو مضبوط کر سکتے ہیں ۔

چئیرپرسن نیوٹیک گل مینہ بلال نے خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ وجیہہ قمر کی مشکور ہیں جن کی کاوشوں سے انتہائی کم وقت میں جاب فیئر کا انعقاد ممکن ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وزیراعظم محمدشہبازشریف کا وژن تھا جس کی وجہ سے اس فئیر کا انعقاد ممکن ہو سکا،ہنر مند پاکستان ہی مضبوط اور مستحکم پاکستان کی بنیاد بنے گا ،میں چینی سفیر اور چائنہ چیمبر آف کامرس کی مشکور ہوں کہ آج 22چینی کمپنیاں جاب فیئر کی تقریب میں شریک ہوئی ہیں جنہوں نے ہمارے نوجوانوں کے لئے ملازمتوں کے دروازے کھول دیئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ چند روز میں وزیراعظم کے وژن کے مطابق ملک بھر میں نیوٹیک جاب فئیر کا انعقاد کرے گا۔ چائنہ چیمبر آف کامرس کے صدر وانگ ہوئی ہوا نے کہا کہ پاکستان میں پاور ،کنسٹرکشن اورآئی ٹی کمپنیاں نوجوانوں کے لئے ملازمت کے مواقع فراہم کر رہی ہیں ،یہ نیوٹیک کی کاوشوں سے ممکن ہوا ہے ۔ پاکستانی ادارے چینی ٹیکنکل اداروں سے الحاق کرکے پاکستان کو ہنر مند بنا سکتے ہیں جس سے جاب کے ہزاروں مواقع پیدا ہوں گے، پاکستان میں کئی چینی کمپنیاں کام کر رہی ہیں جہاں نوجوانوں کے لئے مواقع ہیں ۔

ڈی جی نیوٹیک حیدر عباس نے کہا کہ یہ وزیراعظم کا وژن تھا ،اس جاب فئیر سے خوشحالی کا نیا دور شروع ہو گااور معیشت ترقی کرے گی ،یہ جاب فیئر باہمی خوشحالی کا میلہ ہے ۔چینی اکنامک قونصلر یانگ گوایوان نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار ایسے جاب فیئر کا انعقاد ہو رہا ہے جس میں چینی کمپنیاں شریک ہوئی ہیں اور پاکستانی نوجوانوں کو ملازمتیں دے رہی ہیں ، جاب فیئر میں ہزاروں نوجوانوں نے شرکت کی اور چینی کمپنیوں کو اپنی سی ویز بھی جمع کروائیں۔

بعدازاں وزیر مملکت وجیہہ قمر نے سٹالز کا دورہ بھی کیا۔ واضح رہے اس جاب فیئر کے حوالے چئیرپرسن نیوٹیک گل مینہ بلال نے گزشتہ برس چینی حکومت کے ساتھ ایک ایم او یو سائن کیا تھا ،اسی معاہدے کے تحت اس جاب فئیر کا انعقاد کیا گیا اور چینی کمپنیاں شریک ہوئیں۔ واضح رہے کہ یہ جاب فیئر اور ہونے والے یہ ایم او یوز دسمبر 2024 کو چین اور نیوٹیک کی چیئرپرسن گل مینہ بلال احمد کے مابین ہونے والے ایم او یو کا تسلسل ہیں۔