مودی کے اشتعال انگیز ریمارکس اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی ہے،پروفیسر چینگ

بھارت کا سندھ طاس معاہدے پر عمل درآمد روکنے کا اعلان پاکستان کے خلاف اعلان جنگ ہے

بدھ 28 مئی 2025 16:15

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2025ء) معروف چینی اسکالرProf Cheng Xizhong نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کاگجرات میں ایک ریلی میں پاکستان کے خلاف حالیہ اشتعال انگیزبیان انتہائی خطر ناک اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی کی ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پروفیسر چینگ ژی ژونگ جو کہ چہار انسٹی ٹیوٹ کے سینئر ریسرچ فیلو بھی ہیں، نے بیجنگ میں جاری ایک بیان میں کہا کہ ’’ مودی کو اس وقت سخت دبائو کا سامنا ہے اور وہ پاکستان کے خلاف جارحانہ زبان اسی وجہ سے استعمال کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم لو گوں کی توجہ اقتصادی اور دیگر مسائل سے ہٹانے اور فوجی ناکامیوں کو چھپا نے کیلئے سخت بیانات دے رہے ہیں۔ وہ اپنی سیاسی ساکھ بحال اور ووٹروں کو لبھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نریندر مودی سخت موقف کا مظاہرہ کرکے جنوبی ایشیا میں اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔پروفیسر چینگ نے کہا کہ مودی کے اشتعال انگیز ریمارکس اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی ہے اور یہ ایک خطرناک رحجان ہے۔

مودی کے سخت بیانات نے بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کو بڑھا دیا ہے جس سے جنوبی ایشیا کی صورتحال مزید غیر مستحکم ہو گئی ہے ،اس سے سرحدی علاقوں میں دونوں فریقوں کے درمیان فوجی تصادم میں اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے ایک نئے تنازعے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے اور علاقائی امن و استحکام کو سنگین خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ چینی پروفیسر نے کہا کہ بھارت کا سندھ طاس معاہدے پر عمل درآمد روکنے کا اعلان پاکستان کے خلاف اعلان جنگ ہے۔یاد رہے کہ نریندر مودی نے گجرات میں تقریر کرتے ہوئے ہرزہ سرائی کی کہ’’ پاکستان نے دہشتگردی کو اپنی آمدن کا ذریعہ بنا رکھا ہے، پاکستانی عوام دہشتگردی کے خاتمے کے لیے نکلیں، روٹی کھائیں، ہوا کھائیں، ورنہ کھانے کے لیے میری گولی تو ہے‘‘۔