Live Updates
28 مئی یومِ تکبیر، پاکستان کی غیرت، افواجِ پاکستان کی عظمت اور ایٹمی طاقت کی تکمیل کا دن ، سمعیہ ساجد
بدھ 28 مئی 2025
16:15
مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2025ء)مسلم کانفرنس خواتین ونگ کی مرکزی چیئرپرسن و کشمیر ویمن الرٹ فورم(کواف) کی چیئرپرسن محترمہ سمعیہ ساجد نے کہا ہے کہ آج کا دن پاکستانی قوم کے لیے محض ایک تاریخ نہیں بلکہ ایک ایسا دن ہے جو ہماری خودی، خودمختاری، قومی وقار اور افواجِ پاکستان کی بے مثال قربانیوں کی روشن علامت ہے، 28 مئی 1998 کو جب پاکستان نے کامیاب ایٹمی دھماکے کیے تو یہ صرف ایٹمی طاقت بننے کا اعلان نہیں تھا بلکہ دشمنانِ پاکستان کو یہ واضح پیغام تھا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان ایک خودمختار، باوقار اور ناقابلِ تسخیر ریاست ہے جو اپنی سرزمین کی حفاظت کرنا خوب جانتی ہے، آج کے دن ہم اُن تمام سائنسدانوں، انجینئرز، حکومتی پالیسی سازوں اور سب سے بڑھ کر اُن جری سپاہیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جن کی شب و روز کی محنت، جذبہ ایمانی، حب الوطنی اور قربانیوں سے پاکستان ایٹمی طاقت بنا، یہ دن درحقیقت افواجِ پاکستان کے اُس بے مثال عزم و ہمت کی گواہی ہے جو انہوں نے ہر محاذ پر دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر دیا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم تکبیر کی مناسبت سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کیا پیغام میں کیاسمعیہ ساجد نے کہا کہ 28 مئی کو چاغی کے پہاڑوں میں گونجنے والا وہ ایٹمی دھماکہ صرف ایک تکنیکی کامیابی نہیں تھی بلکہ یہ پاکستانی قوم کی صدیوں پرانی جدوجہد کا نقط عروج تھا جس میں تحریکِ پاکستان، شہداء کا خون، کشمیریوں کی قربانیاں اور افواجِ پاکستان کی دفاعی پالیسیوں کا نتیجہ شامل تھا، آج ہم جب 28 مئی کا دن مناتے ہیں تو ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ اس کارنامے کے پیچھے سب سے بڑا ہاتھ ہماری بہادر افواج کا تھا جنہوں نے اندرونی و بیرونی دباؤ، عالمی پابندیوں، دشمنوں کی ریشہ دوانیوں اور بدترین سفارتی دباؤ کو اپنے جوتے کی نوک پر رکھ کر یہ ثابت کیا کہ پاکستان کا دفاع صرف الفاظ کا کھیل نہیں بلکہ عمل کا نام ہے، ہمیں فخر ہے کہ افواجِ پاکستان نے نہ صرف ہمارے ایٹمی اثاثوں کی مکمل نگرانی کی بلکہ اُن کے قیام، حفاظت، ترقی اور فنی بہتری کے لیے شبانہ روز محنت کی، پاکستان آرمی، نیوی اور ایئر فورس نے جس انداز میں ایک جامع حکمتِ عملی سے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا وہ تاریخ کا ایک سنہری باب ہے، ہم جب چاغی کے پہاڑوں کی طرف دیکھتے ہیں تو ہمیں وہاں جنرلز، کرنلز، میجرز، کیپٹنز، سپاہیوںراتوں کو جاگتے ہوئے فوجی دستوں اور اپنے فرائض سے وفادار افسروں کے چہرے نظر آتے ہیں، ہم کیسے بھول سکتے ہیں کہ دشمن پاکستان کے گرد گھیرا تنگ کر چکا تھا، بھارت نے ایٹمی دھماکوں کے ذریعے خطے میں بالادستی قائم کرنے کی کوشش کی تھی، اُس وقت اگر کوئی قوت پاکستان کو عالمی دباؤ سے نکال کر ایک فیصلہ کن اقدام کی طرف لے کر گئی تو وہ افواجِ پاکستان ہی تھی، اس وقت کی عسکری قیادت نے جس جرات مندی سے حکومت وقت کو یہ پیغام دیا کہ قومی سلامتی کسی عالمی امداد سے زیادہ اہم ہے، وہی لمحہ پاکستان کے لیے فیصلہ کن ثابت ہوا، ہم سلام پیش کرتے ہیں ان جری جوانوں کو جنہوں نے ایٹمی اثاثوں کو محفوظ رکھنے کے لیے دن رات نگرانی کی، اُن سائٹس کو خفیہ رکھا اور ہر ممکن سازش کو ناکام بنایا، آج بھارت، اسرائیل، امریکہ اور ان کے ایجنٹ یہ خواب دیکھتے ہیں کہ کسی نہ کسی طرح پاکستان کے دفاعی نظام کو کمزور کیا جائے، لیکن ان کی یہ خواہش ہمیشہ حسرتوں میں بدلتی ہے کیونکہ پاکستان کے پاس افواجِ پاکستان جیسی جری، وفادار اور عسکری لحاظ سے دنیا کی بہترین فوج موجود ہے، ہم یہ بھی نہیں بھول سکتے کہ پاکستان نے کبھی بھی اپنی طاقت کو جارحیت کے لیے استعمال نہیں کیا بلکہ پاکستان کی ایٹمی پالیسی مکمل طور پر دفاعی نوعیت کی ہے، پاکستان نے ہمیشہ عالمی امن، خطے کی سلامتی اور انسانی فلاح کے اصولوں کو ترجیح دی ہے، افواجِ پاکستان نے جہاں اندرونی محاذ پر دہشتگردی کے خلاف بے مثال قربانیاں دی ہیں وہیں بیرونی سرحدوں پر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ہے، آج ہم یہ بات فخر سے کہتے ہیں کہ پاکستان کی ایٹمی قوت محفوظ ہاتھوں میں ہے، اور ان ہاتھوں کا نام ہے افواجِ پاکستان، ہم یہ کیسے بھول سکتے ہیں کہ افواجِ پاکستان نے نہ صرف سرحدوں کی حفاظت کی بلکہ اندرونی انتشار کو ختم کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا، چاہے وہ ضربِ عضب ہو یا ردالفساد، چاہے وہ نیشنل ایکشن پلان ہو یا سی پیک کی سیکیورٹی، ہر جگہ افواجِ پاکستان ہی وہ ستون ثابت ہوئی جس نے قوم کو سہارا دیا، ہم آج اُن مائوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے بیٹے اس وطن پر قربان کیے، اُن بیویوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کے سہاگ وطن پر قربان ہو گئے، اُن بچوں کو ہم سلام کرتے ہیں جن کے والد دفاعِ وطن کے لیے شہید ہو گئے، یہ ساری قربانیاں اُس ایٹمی پاکستان کی ضمانت ہیں جس کے باعث آج پاکستان کا دشمن اس پر حملہ کرنے سے پہلے ہزار بار سوچتا ہے، 28 مئی ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ اگر ہم آج آزاد فضائوں میں سانس لے رہے ہیں تو اس کے پیچھے افواجِ پاکستان کی قربانیاں ہیں، ہم محترم ڈاکٹر عبدالقدیر خان شہید کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس قوم کو جدید ٹیکنالوجی سے ہمکنار کیا، لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ اگر افواجِ پاکستان اُن کے پیچھے مضبوط دیوار بن کر کھڑی نہ ہوتی تو یہ کارنامہ ممکن نہ تھا، آج ہمیں فخر ہے کہ پاکستان ایک مضبوط ایٹمی ملک ہے اور یہ سب کچھ افواجِ پاکستان کی بدولت ہے، ہم پوری دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان امن چاہتا ہے لیکن اگر کسی نے ہماری خودمختاری کو چیلنج کیا تو افواجِ پاکستان دشمن کو نیست و نابود کر دے گی، ہمیں اس دن کا جشن مناتے ہوئے یہ عہد کرنا ہے کہ ہم اپنی افواج کے ساتھ کھڑے رہیں گے، اُن کی ہر قربانی کو یاد رکھیں گے، اُن کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے اور پاکستان کے ایٹمی دفاع کو مضبوط ترین سطح پر برقرار رکھیں گے، ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ افواجِ پاکستان ہماری آخری دفاعی لائن ہے، جب سب ادارے ناکام ہو جائیں تو یہی فوج میدان میں آتی ہے اور قوم کو سنبھالتی ہے، کشمیری عوام جنہیں آج بھی بھارتی فوج ظلم کا نشانہ بنا رہی ہے، وہ پاکستان کی طرف امید بھری نظروں سے دیکھ رہے ہیں، اور انہیں سب سے زیادہ اعتماد افواجِ پاکستان پر ہے، یہی وجہ ہے کہ جب بھی بھارتی افواج وادی میں ظلم کرتی ہیں، تو کشمیری نوجوان پاکستان اور افواجِ پاکستان کے جھنڈے تھام کر سڑکوں پر نکلتے ہیں، اس یومِ تکبیر پر ہمیں کشمیریوں سے بھی یکجہتی کا اظہار کرنا ہوگا اور یہ پیغام دینا ہوگا کہ پاکستان کی افواج کشمیر کی آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی اور یہ دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو قیامت تک سلامت رکھے، اور افواجِ پاکستان کو مزید طاقت، بصیرت، اتحاد اور کامیابیاں عطا فرمائے، آمین، پاکستان زندہ باد، افواجِ پاکستان پائندہ باد
آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات