Live Updates

افغان حکومت نے پاکستان کیخلاف لڑنا دینی نافرمانی قرار دیدیا، فتنتہ الخوارج کو انتباہ جاری

اپنی انا یا گروہ کی وابستگی کی بنیاد پر جہاد شریعت کے مطابق فساد تصور کیا جائے گا، جہاد کے نام پر حملہ آور گروہ شریعت اور افغان امارت دونوں کے نافرمان ہیں؛ افغان طالبان کمانڈر کا تقریب سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی بدھ 28 مئی 2025 14:50

افغان حکومت نے پاکستان کیخلاف لڑنا دینی نافرمانی قرار دیدیا، فتنتہ ..
کابل ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مئی 2025ء ) افغانستان کی حکومت نے پاکستان کے خلاف لڑنا دینی نافرمانی قرار دیتے ہوئے فتنتہ الخوارج کو انتباہ جاری کردیا۔ پولیس اہلکاروں کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے افغان طالبان کے کمانڈر سعیداللہ سعید نے دوٹوک انداز میں واضح کیا کہ امیر کے حکم کے خلاف کسی بھی ملک خاص طور پر پاکستان میں لڑنا جائز نہیں، اس حوالے سے مختلف گروہوں میں شامل ہو کر بیرون ملک جہاد کرنے والے حقیقی مجاہد نہیں ہیں، ایک جگہ سے دوسری جگہ حملے کرنے والے افراد کو مجاہد کہنا غلط ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ جہاد کا اعلان یا اجازت دینا کسی گروہ یا فرد کا نہیں بلکہ صرف ریاستی امیر کا اختیار ہے، اگر ریاستی قیادت پاکستان نہ جانے کا حکم دے چکی ہے تو اس کے باوجود وہاں جانا دینی نافرمانی تصور کیا جائے گا، اپنی انا یا گروہ کی وابستگی کی بنیاد پر کیا گیا جہاد شریعت کے مطابق فساد تصور کیا جائے گا، جہاد کے نام پر حملے کرنے والے گروہ شریعت اور افغان امارت دونوں کے نافرمان ہیں۔

(جاری ہے)

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کے کمانڈر سعیداللہ سعید کا یہ بیان پاکستان کی داخلی سلامتی، قومی بیانیے اور عالمی سطح پر سفارتی مؤقف کو مضبوط بناتا ہے، بھارتی پراکسیز اور بھارتی ایماء پر فتنتہ الخوارج کا نام نہاد جہاد دراصل شریعت، ریاست اور امن کے خلاف دہشت گردی ہے، افغانستان کا باضابطہ طور پر سی پیک میں شمولیت اختیار کرنا ایک نئے دور کا آغاز ہے جو بھارت کے تخریبی عزائم کو شکست دے چکا ہے، بھارت کا لڑاو اور حکومت کرو کا نظریہ ناکام ہو گیا، پاکستان، افغانستان اور چین کا ناقابل شکست اتحاد علاقائی اتحاد و ترقی کی ضمانت ثابت ہوگا، یہ سہ فریقی اتفاق رائے بھارت کی منفی مہم سے کہیں زیادہ طاقتور پیغام ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات