Live Updates

28 مئی 1998ء کا دن پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، وزیر اطلاعات

بدھ 28 مئی 2025 17:02

28 مئی 1998ء کا دن پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2025ء)وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ 28 مئی 1998ء کا دن پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے،حالیہ پاک بھارت جنگ کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے دشمن کے عزائم خاک میں ملائے۔ اپنے بیان میں وزیر اطلاعات نے کہاکہ 28 مئی 1998ء کا دن پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے،اس روز قوم نے نواز شریف کی قیادت میں بھارت کے پانچ ایٹمی دھماکوں کے جواب میں چھ کامیاب ایٹمی دھماکے کر کے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔

انہوںنے کہاکہ یومِ تکبیر نہ صرف پاکستان کی سائنسی، عسکری اور سیاسی قیادت کے عزم و استقلال کا مظہر ہے بلکہ یہ دن اس بات کی بھی علامت ہے کہ جب بھی مادرِ وطن کو چیلنج درپیش آیا، قوم یک جان ہو کر دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے صف آراء ہوئی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ آج ایک بار پھر پاکستان نے ثابت کر دیا ہے کہ دفاعِ وطن کے لیے ہم ہر حد تک جا سکتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ حالیہ پاک بھارت جنگ کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے دشمن کے عزائم خاک میں ملائے، 1998ء میں نواز شریف کی قیادت میں بھارت کے پانچ ایٹمی دھماکوں کے جواب میں چھ ایٹمی دھماکے کئے اور اب وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے بھارت کے چھ رافیل طیارے کامیابی سے مار گرائے۔ انہوںنے کہاکہ یہ کامیابی اس تسلسل کا حصہ ہے جو 1998 میں شروع ہوئی تھی اور آج بھی پوری قوت کے ساتھ جاری ہے۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، قوم کو اپنی افواج، سائنسدانوں اور سیاسی قیادت پر مکمل اعتماد ہے۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ یومِ تکبیر اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ ہم کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے اور ملکی سلامتی و خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات