Live Updates

پاکستان کو ایٹمی قوت بنا کر ناقابل تسخیر بنانے میں ذوالفقار بھٹو ،ڈاکٹر عبدالقدیر، نواز شریف ودیگرکے کردار کو سلام پیش کرتے ہیں، چودھری طارق فاروق

بدھ 28 مئی 2025 18:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2025ء)پاکستان مسلم لیگ (ن) آزادجموں کشمیر کے سیکرٹری جنرل چوہدری طارق فاروق نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنا کر ناقابل تسخیر بنانے میں ذوالفقار علی بھٹو شہید، ڈاکٹر عبدالقدیر، ڈاکٹر ثمر مبارک مند، افواج پاکستان کی جملہ قیادت، میاں محمد نواز شریف قائد مسلم لیگ (ن) سمیت ہر کردار کو سلام پیش کرتے ہیں، آج پاکستان کسی بھی بیرونی جارحیت سے نہ صرف محفوظ ہو چکا ہے بلکہ پاکستان کے حوالے سے برے عزائم رکھنے والے دشمنوں پر ایٹمی قوت کا خوف طاری ہے، حالیہ پاک بھارت جنگ کے دوران دشمن کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنانے کیلئے مسلح افواج پاکستان، پاک فضائیہ، نیوی اور قومی سیاسی قیادت نے جس اتحاد و یکجہتی اور ملی بیداری کے ثبوت کے ساتھ دشمن کے دانت کٹھے کیے اس کا سارا کریڈیٹ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت کا ہے، قیادت نے بروقت اور درست فیصلے کر کے دنیا کو یہ بتا دیا ہے کہ پاکستان کوئی کمزور ملک نہیں، ایٹمی طاقت ہونے کے باوجود تحمل اور برداشت کے ذریعے دنیا پر یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی قوت ہے جو ایٹمی صلاحیت کو اپنے دفاع اور توانائی کی ضروریات کیلئے استعمال کر رہی ہے، سیکرٹری جنرل مسلم لیگ (ن) کا مزید کہنا تھا کہ دنیا میں ایٹمی صلاحیت کا حامل ہونا یقینا اعزاز کی بات ہے لیکن اس صلاحیت کے حصول کیلئے قوم نے بہت بڑی قربانی دی، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ایٹمی صلاحیت کی بنیاد رکھی، جسے آنے والی سیاسی، قومی اور فوجی قیادت نے مشکل ترین حالات کے باوجود جاری رکھا اور میاں محمد نواز شریف نے 28مئی 1998ء کو بھارتی ایٹمی دھماکوں کے جواب میں ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کی صلاحیت کو دنیا کے سامنے روشناس کروایا، ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان کو دنیا میں تنہائی کا شکار کیا گیا لیکن قوم نے اس وقت بھی قربانی دی، جس کا نتیجہ ہے کہ آج پوری دنیا پاکستان کے ایٹمی پروگرام اور میزائلوں کی جدید صلاحیت سے خائف ہو چکی ہے، پاکستان کے وجود کا ازلی دشمن بھارت افواج پاکستان کی جانب سے دیئے گئے منہ توڑ جواب کے بعد ابھی تک زخم چاٹ رہا ہے، مودی زمینی اور فضائی محاذ پر بدترین شکست کے بعد اب بین الاقوامی برادری کو سفارتی محاذ پر گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن دنیا یہ اچھی طریقے سے جان چکی ہے کہ ہندوستان کی جمہوریت اور فوجی صلاحیت اس کے دعوؤں کی طرح کھوکھلی ہے، پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کے متفقہ اور دانشمندانہ فیصلوں نے سفارتی محاذ پر بھی پاکستان کا موقف بہترین انداز میں اجاگر کیا ہے، 28مئی یوم تکبیر کا تقاضاہے کہ پاکستان کو ہر طرح کی جارحیت سے محفوظ بنانے کیلئے کردار ادا کرنے والے جملہ کرداروں کو آج کے دن نہ صرف یاد کیا جائے بلکہ ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جائے، یہی حب الوطنی اور قومی مفاد کا تقاضاہے۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات