Live Updates

آسٹریا مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی پامالی رکوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

بدھ 28 مئی 2025 19:59

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2025ء) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے سفارتی سطح پر مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھار ت کی طرف سے انسانی حقوق کی پامالی رکوانے کے لئے سفارتی محاذ پر کوششیں تیز کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں اُنہوں نے حالیہ دنوں میں پاکستان میں تعینات یورپی یونین کی سفیر، امریکی سفارتکاروں کے وفد سے بھی ملاقاتیں کیں اور مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و بربریت بند کرانے پر زور دیا۔

اس سلسلے میں صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آج ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں آسٹریا کی سفیر اینڈریا ویکی سے بھی تفصیلی ملاقات کی۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آسٹریا کا انسانی حقوق پر ایک بہترین ٹریک ریکارڈ ہے اس لئے آسٹریا مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی پامالی رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آسٹریا کے پاکستان اور بھارت دونوں کے ساتھ یکساں تعلقات ہیں اس لئے آسٹریا اور یورپ کے دیگر ممالک مل کر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کا قیام ممکن ہو سکے۔ اس موقع پرآسٹریا کی سفیر اینڈریا ویکی نے پاک بھارت سیز فائر کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ خطے میں قیام امن کے لئے آسٹریا اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور آسٹریا کی سفیر مسز اینڈریا ویکی کے درمیان باہمی دلچسپی سمیت دیگر امور پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات