خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں مائننگ کے شعبے میں بے پناہ سکوپ موجود ہے،فیصل کنڈی

آئل اور گیس سمیت دیگر قدرتی وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھا کر ملک کی معیشت کو مضبوط کیا جا سکتا ہے،گورنرخیبرپختونخوا

بدھ 28 مئی 2025 20:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2025ء)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں مائننگ کے شعبے میں بے پناہ سکوپ موجود ہے، جبکہ آئل اور گیس سمیت دیگر قدرتی وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھا کر ملک کی معیشت کو مضبوط کیا جا سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز گورنر ہاؤس پشاور میں ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

وفد میں کنیڈین ہائی کمشن میں ٹریڈ کمشنر ذوہیب احمد خان، امریکن نڑاد پاکستانی انجنیئر زیشان شاہد ، اور معروف مذہبی و سماجی شخصیت احتشام شامل تھے ، ملاقات میں ملک میں توانائی کے مختلف شعبوں، خاص طور پر گرین انرجی، مائننگ اور آئل سیکٹر میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا،گورنر نے کہا کہ پاکستان میں قدرتی وسائل کے بڑے ذخائر موجود ہیں جنہیں بروئے کار لا کر توانائی بحران پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے پہاڑی اور معدنیاتی علاقوں میں قیمتی دھاتوں اور معدنیات کے ذخائر موجود ہیں، جن کی تلاش اور ترقی سے مقامی روزگار کے مواقع بڑھائے جا سکتے ہیں۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے گرین انرجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماحول دوست توانائی کے ذرائع سے نہ صرف ملک کی توانائی کی ضروریات پوری ہوں گی بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی کمی آئے گی۔ملاقات میں خیبرپختونخوا کے طلبہ کے لیئے بیرون ممالک سکالر شپ کے حصول اور سیلاب متاثرین کو سہولیات کی فراہمی کی تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔