Live Updates

پیرس میں یوم تکبیر کے حوالے سے پروقار تقریب کا اہتمام

یوم تکبیر قومی فخر، بہادری، غیرت، عزم اور ہمارے اجتماعی خوابوں کی تکمیل کا دن ہے، سردار ظہور اقبال

sahibzada atiq صاحبزادہ عتیق الر حمن جمعرات 29 مئی 2025 16:23

پیرس میں یوم تکبیر کے حوالے سے پروقار تقریب کا اہتمام
پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 مئی 2025ء) یوم تکبیر کے حوالے سے پیرس میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا ، تقریب کے آرگنائزر مسلم لیگ ن فرانس کے چئیرمین راجہ علی اصغر ،سرپرست اعلٰی سردار ظہور اقبال اور جموں کشمیر فورم فرانس کے صدر نعیم چوہدری تھے ، تقریب میں کمیونٹی نمائیندوں نے بھرپور شرکت کی ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ یوم تکبیر کا دن ہماری قومی خودداری ،خود انحصاری اور دفاعی طاقت کی روشن علامت ہے، اٹھائیس مئی کا دن صرف ایک تاریخ نہیں بلکہ یہ قوم کے عزم ،قربانی اور غیرت کا دن ہے جب پاکستان نے چاغی کے پہاڑوں میں گرج دار دھماکے کر کے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ ہم پرامن قوم ہیں لیکن ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، مقررین نے کہا کہ یوم تکبیر قومی فخر، بہادری، غیرت، عزم اور ہمارے اجتماعی خوابوں کی تکمیل کا دن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ دن نہ صرف پاکستان اور کشمیر کے لیے اہم ہے بلکہ پوری مسلم دنیا کے لیے امید، حوصلے اور فخر کی کرن ہے، مقررین نے مزید کہا کہ ہمیں متحد ہو کر دشمن کے مذموم عزائم کو کچلنے کے لیے اپنی مسلح افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہونا چاہیے، ہماری مسلح افواج ہماری ریڈ لائن ہیں اور ہمیں ان کی بہادری پر فخر ہے ، بھارتی جارحیت پر بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاک فوج کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا ، اس موقع پر سابق وزیراعظم اور اس پروگرام کے بانی ذوالفقار علی بھٹو ،ڈاکٹر عبدلقدیر خان ،سابق وزیراعظم میاں نواز شریف ،افواج پاکستان ،سائنسدانوں اور بالخصوص عوام پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا گیا، جن کی قربانیوں سے پاکستان کو نیوکلئیر اسٹیٹ کا ٹائیٹل ملا ، تقریب کے اختتام پر یوم تکبیر کے حوالے سے نعروں کی گونج میں کیک بھی کاٹا گیا ،
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات