Live Updates

سرحد چیمبر آف کامرس اورکوریا کے سفیرپارک کیجون کے درمیان باہمی تجارتی حجم بڑھانے پر اتفاق

کوریا کے سرمایہ کاروں کو خیبر پختونخوا میں ہائیڈل پاور جنریشن ،ْفارماسوٹیکل ،ْ ہائیڈرو کاربن ،ْ معدنیات ،ْ سیاحت اورایگریکلچرل سمیت صنعت و تجارت کے دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت

جمعرات 29 مئی 2025 20:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2025ء)سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فضل مقیم خان اور پاکستان میں کوریا کے سفیرپارک کیجون Park Kijun)) کے درمیان باہمی تجارتی حجم بڑھانے کیلئے تجارتی وفود کے تبادلوں ،ْ بزنس کمیونٹی کو ویزا میں سہولیات کی فراہمی ،ْ جائنٹ وینچر کے ذریعے سرمایہ کاری کے فروغ اور مارکیٹس سے متعلق انڈرسٹینڈنگ کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا ہے جبکہ سرحد چیمبر کے صدر فضل مقیم خان نے کوریا کے سرمایہ کاروں کو خیبر پختونخوا میں ہائیڈل پاور جنریشن ،ْفارماسوٹیکل ،ْ ہائیڈرو کاربن ،ْ معدنیات ،ْ سیاحت اورایگریکلچرل سمیت صنعت و تجارت کے دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط ،ْ وفودکے تبادلوں سے خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا افغانستان ،ْ وسطی ایشیائی ریاستوں ایران اورسائوتھ ایشین ممالک کے لئے گولڈ ن گیٹ وے ہے ۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین بزنس فرینڈلی تعلقات کی اشد ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے پاکستان میں کوریا کے سفیر کے دورہ سرحد چیمبر کے موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پرسرحد چیمبر کے سینئر نائب صدر عبدالجلیل جان ،ْ نائب صدر شہریار خان ،ْ خیبر پختونخوا میں کوریا کے اعزازی قونصل جنرل اور چیمبر کے سابق صدر عفان عزیز ،ْ ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین ضیاء الحق سرحدی ،ْ عباس فواد عظیم ،ْ سیف اللہ خان ،ْ گل زمان ،ْ شمس الرحیم ،ْ اشفاق احمد ،ْ عدنان ناصر ،ْسابق سینئر نائب صدر عمران خان مہمند ،ْ سابق نائب صدر اعجاز خان آفریدی ،ْ سیکرٹری جنرل سرحد چیمبر مقتصد احسن اور صدر گل ،ْ فیض رسول ،ْ احسان اللہ ،ْ شیر علی ،ْسکندر اقبال ،ْ بخت میر جان درانی ،ْ فضل واحد ،ْ عاصم شہزاد ،ْاسماعیل صافی ،ْ سید اعجاز علی شاہ ،ْ معاذ اللہ خان ،ْ قراة العین سمیت صنعت و تجارت سے وابستہ افراد موجود تھے ۔

سرحد چیمبر کے صدرفضل مقیم خان نے کہا کہ پاکستان اور کوریا کے درمیان تجارتی حجم کو بڑھانے کیلئے وسیع تر مواقع موجود ہیں ۔ انہوں نے کورین کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری پر اطمینان کا اظہار کیا تاہم انہوں نے کورین سفیر سے کہا کہ وہ کورین سرمایہ کاروں کو خیبر پختونخوا میں بڑے پیمانے بالخصوص ہائیڈل پاور جنریشن کے شعبے میں میگاپراجیکٹ لگانے کے لئے سرمایہ کاری کی جانب راغب کریں۔

سرحد چیمبر کے صدرفضل مقیم خان نے کہا کہ پاکستان اورکوریا جائنٹ وینچر کے ذریعے باہمی تجارت کو فروغ دے سکتے ہیں۔ ا نہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے مابین بزنس فرینڈلی تعلقات اور تجارتی وفود کے تبادلے کی ضرورت ہے اور اس عمل سے دونوں جانب کی بزنس کمیونٹی کو ایک دوسرے کے قریب آنے کے مواقع میسر آئیں گے۔انہوں نے کہاکہ سمارٹ کان کنی، قابل تجدید توانائی،seedٹیکنالوجی ،ْ آٹومیشن، اور فارماسیوٹیکلز میں کوریا کی مہارت اور تعاون سے خیبر پختونخوا کی نوجوانوں کی صلاحیت کواجاگر کرنے میں مدد کر سکتی ہے۔

سرحد چیمبر کے صدر فضل مقیم خان نے یقین ظاہر کیا کہ پشاور میں کوریا کے اعزازی قونصل عفان عزیز صوبے کی بزنس کمیونٹی کو کوریا کے ساتھ باہمی تجارت کے فروغ کے لئے تمام تر سہولیات فراہم کریں گے اور ان کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھائیں گے۔انہوں نے ہائیڈرو پاور، قیمتی پتھروں کی پروسیسنگ، ایگریکلچرل ،ْ Seed ٹیکنالوجی ،ْپیشہ ورانہ تربیت اور ثقافتی سیاحت میں مشترکہ منصوبوں کا خیرمقدم بھی کیا۔

سرحد چیمبر صدر فضل مقیم خان نے کورین کمپنیوں کے اسمبل یونٹس کومکمل مینو فیکچرنگ یونٹس لگانے اور ہائیڈل پاور سے لوکل اکانومی کے فروغ پر زور دیا۔ ان اسمبل یونٹس میں Samsung،ْ Hyundai،ْ KIA سرفہرست ہیں۔ اس موقع پرکورین سفیر کو صوبہ خیبر پختونخوا کے وسائل اور ذخائر سے متعلق ملٹی میڈیا پریذنٹیشن کے ذریعے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔پاکستان میں کوریا کے سفیرMr. Park Kijunنے سرحد چیمبر کے صدرفضل مقیم خان کی جانب سے تجارتی حجم کو بڑھانے اور معیشت کے فروغ سے متعلق سفارشات سے مکمل طور پر اتفاق کیا اور کہا کہ انہیں یقین ہے کہ پاکستان اور کوریا کے مابین فری ٹریڈ ایگریمنٹ سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم بڑھے گا ۔

انہوں نے کہاکہ کوریا پاکستان کے ساتھ بہتر اور مستحکم معاشی تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے اور اس مقصد کے لئے بہت سی کورین کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں خاص طور پر ہائیڈرو پاور جنریشن کے شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کوریا نے ہائی ٹیک انڈسٹریل سیکٹر کے شعبے میں بھرپور ترقی کی ہے اور اس وقت دنیا کے ساتھ کوریا کی ٹریڈ میں اضافہ ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وہ چیمبر کی سفارش پر خیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی کو کوریا کے ویزے کی فراہمی میں آسانی کیلئے اقدامات اٹھائے گا۔ انہوں نے تجارتی وفود کے تبادلے کی تجویز سے اتفاق کیا اور کہا کہ جمہوریہ کوریا خیبر پختونخوا کے تجارتی وفود کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لئے تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوریا پاکستان کی ہر ممکن مالی اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون جاری رکھے گا ۔

اجلاس سے پشاور میںکوریا کے اعزازی قونصل عفان عزیز نے بھی خطاب کیا اور صوبہ خیبر پختونخواکی بزنس کمیونٹی اور کوریا کی بزنس کمیونٹی کے مابین موثر رابطے کا ذریعہ بننے کا عزم ظاہر کیا اور کہا کہ وہ صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے تمام تر کوششیں بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کے کاروباری وفود کے تبادلوں سے خیبر پختونخوا اور کوریا کے درمیان بزنس ،ْ کلچر اور تعلیمی شعبے میں روابط کو فروغ ملے گا۔

اجلاس سے سرحد چیمبر کے نائب صدر شہریار خان ،ْ سابق سینئر نائب صدر عمران خان مہمند ،ْ سرحد چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین عباس فواد عظیم ،ْ سیف اللہ خان ،ْ عدنان ناصر ،ْ اشفاق احمد اور سکندر اقبال ،ْ بخت میر جان درانی ،ْ اسماعیل اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور پاکستان اور کوریا کے مابین باہمی تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لئے اہم سفارشات پیش کیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات