پی ٹی آئی رہنما میاں محمود الرشید کی ضمانت کی درخواست پر سماعت ملتوی

جمعہ 30 مئی 2025 11:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق صوبائی وزیر میاں محمود الرشید کی جناح ہائوس اور راحت بیکری کے باہر جلائو گھیرائو کے مقدمات میں دائر درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر سماعت 10 جون تک ملتوی کر دی۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج منظر علی گل نے جمعہ کو کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت عدالت کو بتایا گیا کہ دونوں مقدمات کا متعلقہ ریکارڈ تاحال دستیاب نہیں کیونکہ وہ اڈیالہ جیل میں قید ملزمان کے فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کے لئے بھیجا گیا ہے۔ پراسیکیوشن کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ریکارڈ کی عدم موجودگی کے باعث اس وقت درخواست ضمانت پر موثر دلائل دینا ممکن نہیں، لہذا عدالت سماعت ملتوی کرنے کا حکم دے ۔ عدالت نے پراسیکیوشن کی استدعا کو منظور کرتے ہوئے سماعت 10 جون ملتوی کر دی۔