Live Updates

چائلڈ میرج ریسٹرینٹ بل پردستخط ،شیری رحمان کا صدرمملکت کو خراج تحسین پیش

پاکستان میں کم عمری کی شادیوں کے خلاف اہم قانون سازی کا سنگ میل طے پا گیا ہے بل کی منظوری میں مختلف طبقوں کی مزاحمت کے باوجود کامیابی حاصل ہوئی، نائب صدر پیپلز پارٹی

جمعہ 30 مئی 2025 21:13

چائلڈ میرج ریسٹرینٹ بل پردستخط ،شیری رحمان کا صدرمملکت کو خراج تحسین ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مئی2025ء)نائب صدر پیپلزپارٹی سینیٹر شیری رحمان کا چائلڈ میرج ریسٹرینٹ بل پر دستخط کرنے پر صدر مملکت آصف علی زرداری کو زبردست خراج تحسین پیش ۔ شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان میں کم عمری کی شادیوں کے خلاف اہم قانون سازی کا سنگ میل طے پا گیا ہے بل کی منظوری میں مختلف طبقوں کی مزاحمت کے باوجود کامیابی حاصل ہوئی ۔

انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے دباؤ کے باوجود چائلڈ میرج ریسٹرینٹ بل پر دستخط کر دیئے ہیں چائلڈ میرج ریسٹرینٹ بل پر دستخط پاکستان میں اصلاحات کے نئے دور کی علامت ہیں ۔ شیری رحمان نے کہا کہ چائلڈ میرج ریسٹرینٹ بل کی منظوری خواتین و بچوں کے حقوق کے تحفظ کی جیت ہے یہ قانون ایک طویل اور مشکل جدوجہد کے بعد ممکن ہوا ۔

(جاری ہے)

نائب صدر پیپلز پارٹی نے کہا کہ نئی قانون سازی سے لڑکیوں کی تعلیم اور صحت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی یہ بل صرف قانون نہیں، ایک عزم ہے کہ ہماری بچیاں تعلیم، صحت اور خوشحال زندگی کا حق رکھتی ہیں ۔

شیری رحمان نے کہا کہ ٌ چائلڈ میرج پر پابندی کا یہ قدم آنے والی نسلوں کو تحفظ، امید اور روشن مستقبل دے گا بل کی خصوصی حمایت پر چیئرمین بلاول بھٹو،پارٹی قائدین دیگر سیاسی جماعتوں اور اپوزیشن کے نمائندگان اور عوام کی شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے بعد وفاق نے کم عمری کی شادیوں کے خلاف مضبوط پیغام دے دیا ،دوسرے صوبے بھی اس اہم قانون سازی کی طرف قدم بڑھائیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات