Live Updates

ْپاکستان کی خوشحالی کراچی کی مرہون منت ہے، یہ شہر چلتا ہے تو ملک چلتا ہے،خالد مقبول صدیقی

پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کا خواب کراچی کے بیٹے ڈاکٹر قدیر خان نے پورا کیا، انہیں بھولنا بے وفائی ہوگی، وفاقی وزیر تعلیم ہمارے ارادے پختہ ہیں، پاکستان ہمیشہ قائم ودائم رہے گا،نارتھ ناظم آباد جیمخانہ کے زیراہتمام یوم تکبیر کی تقریب سے خطاب

جمعہ 30 مئی 2025 19:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2025ء)وفاقی وزیر تعلیم اور چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان کی خوشحالی کراچی کی مرہون منت ہے، یہ شہر چلتا ہے تو ملک چلتا ہے، اس شہر کے راستے سازشوں کے ذریعے روکے گئے مگر اس کے باوجود ملک کی تعمیروترقی میں کراچی نے نہ صرف اہم کردار کیا بلکہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کا خواب بھی اس شہر کے بیٹے ڈاکٹر قدیر خان نے پورا کیا۔

ہمیں فخر ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان جیسا محسن اسی شہر کا بیٹا تھا۔ اگر ہم نے پاکستان کے محسن کو یاد نہ رکھا تو یہ بڑی بے وفائی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارتھ ناظم آباد جیمخانہ ٹرسٹ کے زیراہتمام یوم تکبیر کی پُروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں صدر ناظم آباد جیمخانہ شمیم صدیقی، بانی صدر فیروز عالم لاری، سابق صدر عامر چستی، سید عثمان علی، جنرل سیکرٹری احمد علی،ٹریژار ماجد حمیل، اسماء شاہ، محمد اخترکے علاوہ ممبران کی ایک بہت بڑی تعداد موجود تھی۔

اس موقع پر ملی نغموں کی گونج میں آتشبازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے میں بنیادی کردار ادا کرنے پر ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یورپ میں کامیاب زندگی گزارنے والا ایک وفادار پاکستانی اپنا سب کچھ چھوڑ کر وطن واپس آیا اور پاکستان کو ناقابلِ تسخیر دفاعی طاقت بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

انہوں نے مزیدکہا کہ ایٹمی ہتھیار تباہی کا نہیں بلکہ خطے میں طاقت کا توازن قائم رکھنے کا ذریعہ ہیں۔28 مئی کا دن اس عہد کی تکمیل کا دن ہے جس کی بدولت بھارت کو پاکستان پر کوئی بڑی جنگ مسلط کرنے کی ہمت نہیں ہوئی۔بانیان پاکستان کی اولادوں نے نہ صرف آزادی حاصل کی بلکہ اسے سنوارنے اور ترقی دینے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔ہمارے ارادے پختہ ہیں، ہمارا ملک پاکستان ہمیشہ قائم ودائم رہے گا۔

صدر نارتھ ناظم آباد جیمخانہ ٹرسٹ شمیم صدیقی نے کہا کہ یوم تکبیر کا دن پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے کا دن ہے، ہم نارتھ ناظم آباد جیمخانہ ٹرسٹ کی جانب سے افواج پاکستان بالخصوص فیلڈ مارشل عاصم منیر کو اُن کی بے مثال بصیرت پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور یہ عہد دہراتے ہیں کہ ہم کل بھی وطن عزیز کے دفاع کے لیے ایک تھے اور آج بھی افواج پاکستان کے ساتھ ہیں۔انہوں نے نارتھ ناظم آباد جیمخانہ کی تعمیرو ترقی میں مرحوم کیپٹن معیز خان اور فیروز عالم لاری کی خدمات پر شاندار الفاظ میں خراج تحسین بھی پیش کیا اور یہ بھی کہا کہ سابق صدر عامر چشتی بھی ہمیشہ ہر مشکل میں جیمخانہ کے شانہ بشانہ کھڑے رہے اور سابق جنرل سیکرٹری محمد اختر کی خدمات کو بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات