رکن قومی اسمبلی رائے حسن نواز خان کی زیرصدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کا اجلاس

جمعہ 30 مئی 2025 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے نے آئندہ اجلاس میں لوکوموٹیوز کی تفصیلات اور ریلوے سٹیشنز کی آئوٹ سورسنگ پالیسی پر مبنی معلومات طلب کر لیں۔ ریلوے کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو ریلوے کیریج فیکٹری اسلام آباد کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت رکن قومی اسمبلی رائے حسن نواز خان نے کی۔

اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ اس کے بعد کمیٹی کو اسلام آباد میں ریلوے کیریج فیکٹری کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور کمیٹی نے فیکٹری کا دورہ کر کے جدید مسافر کوچز کی تیاری کا مشاہدہ کیا۔ کمیٹی نے پاکستان ریلوے کو ٹیکنالوجی کی منتقلی پر چینی حکومت کے تعاون کو سراہا۔ کمیٹی نے گذشتہ دو اجلاسوں کی سفارشات پر مبنی جامع رپورٹ اور ان پر عملدرآمد کی صورتحال کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے سفارش کی کہ سیکرٹری وزارت ریلوے آئندہ اجلاس میں ڈی ایس پاکستان ریلوے کراچی کے آڈیو لیک سے متعلق انکوائری رپورٹ پیش کریں۔ اس کے علاوہ کمیٹی نے سفارش کی کہ وزیر ریلوے اور سیکرٹری وزیر خزانہ سے ملاقات کر کے ریلوے کے پنشن مسئلہ کو حل کریں۔ کمیٹی نے تجویز دی کہ ٹریک کی مرمت کے لیے وزارت منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات سے حاصل شدہ فنڈز کو اکائونٹ نمبر 4 میں منتقل کیا جائے تاکہ فنڈز لیپس نہ ہوں۔

کمیٹی نے یہ بھی سفارش کی کہ ریڈیمکو (REDAMCO) کے سی ای او آئندہ اجلاس میں شرکت کر کے بریفنگ دیں۔ کمیٹی نے ڈی ایس لاہور کی این ایچ اے سے ریلیونگ آرڈر اور ہراسانی سے متعلق رپورٹ آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت دی۔ شالیمار ہسپتال لاہور کی تازہ رپورٹ بھی آئندہ اجلاس میں طلب کی گئی۔ اس کے بعد ایک رکن نے ٹرین سٹاپس میں اضافہ، خیرپور ریلوے سٹیشن پر واٹر سکیم کی فراہمی اور ضلع میں ریلوے ٹریکس کی مرمت کے بارے میں سوالات کیے۔

سیکرٹری ریلوے بورڈ نے کمیٹی کو بتایا کہ خیرپور ریلوے سٹیشن پر ٹرین سٹاپس میں اضافہ کر دیا گیا ہے اور ٹریکس کی مرمت کے لیے فنڈز وزارت منصوبہ بندی سے مل چکے ہیں، لہٰذا جلد کام شروع کر دیا جائے گا۔ کمیٹی نے سفارش کی کہ خیرپور سٹیشن کے لیے واٹر سکیم شروع کی جائے اور جنڈ شاہی، جھمپیر اور گمبٹ ریلوے سٹیشنز (سندھ) پر بھی ٹرین سٹاپس شامل کیے جائیں۔

موضع سوناکی، ضلع مظفرگڑھ میں ریلوے کی زمین کی صورتحال کے بارے میں اٹھائے گئے سوال پر ایڈیشنل کمشنر (ریونیو) اور ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ نے کمیٹی کو بتایا کہ ڈپٹی کمشنر نے پاکستان ریلوے کو معاملہ بورڈ آف ریونیو کے ساتھ اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ کمیٹی نے سفارش کی کہ کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن زمین کا ٹائٹل بحال کر کے پاکستان ریلوے کے حوالے کریں اور آئندہ اجلاس میں ذاتی طور پر رپورٹ پیش کریں۔

یہ سفارش چیف سیکرٹری پنجاب کو بھی بھجوانے کی ہدایت دی گئی اور پاکستان ریلوے کو ہدایت دی گئی کہ زمین سے حاصل شدہ آمدن کے بقایا جات ضلع حکومت سے وصول کیے جائیں۔ کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں لوکوموٹیوز کی تفصیلات اور ریلوے سٹیشنز کی آئوٹ سورسنگ پالیسی پر مبنی معلومات پیش کرنے کی ہدایت دی۔ کمیٹی اجلاس میں رکن قومی اسمبلی رمیش لال، وسیم قادر، ابرار احمد، ذوالفقار علی، سید شاہ احد علی شاہ، احمد سلیم صدیقی، محمد الیاس چودھری، نزہت صادق، مہرین رزاق بھٹو، صادق علی میمن، حاجی جمال شاہ کاکڑ، شفقت عباس اور جمال احسن خان کے علاوہ وزارت ریلوے اور پاکستان ریلوے کے اعلیٰ افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔