Live Updates

بھارت کو سندھ طاس معاہدہ معطل اور پانی بطور ہتھیار استعمال نہیں کرنے دیں گے، وزیراعظم

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے باعث تاریخی کامیابی ملی، آرمی چیف نے ثابت کیا وہ فیلڈ مارشل کے رینک کے حقدار ہیں؛ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں خطاب

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 31 مئی 2025 17:07

بھارت کو سندھ طاس معاہدہ معطل اور پانی بطور ہتھیار استعمال نہیں کرنے ..
کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 مئی 2025ء ) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا صرف جواب نہیں دیا بلکہ بازی ہی پلٹ دی، بھارت کو سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، بھارت کو پانی بطور ہتھیار استعمال نہیں کرنے دیں گے۔ کوئٹہ کے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج میں افسروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کی آر میں جارحیت کی کوشش کی، بھارت نے جارحیت میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا تاہم مسلح افواج نے پہلگام واقعے کی آڑ میں بھارتی اقدامات کا بھرپور دفاع کیا، مسلح افواج ہماری خود مختاری اور سالمیت کی محافظ ہیں، پاک افواج نے بہترین خدمات انجام دیں اور پاک فضائیہ نے تاریخی کارنامہ انجام دیتے ہوئے 7 ہائی ویلیو ٹارگٹ کو نشانہ بنایا، آئندہ بھی کوئی بھی مہم جوئی ہوئی تو اس کا منہ توڑ جواب دیں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو درپیش خطرات روایتی میدان جنگ تک محدود نہیں، 6 مئی کو بھارت نے میزائل حملے کیے تو پاکستان نے زمین اور فضاؤں میں منہ توڑ جواب دیا، پاکستان نے بھارتی جارحیت کا صرف جواب نہیں دیا بلکہ پازی بھی پلٹ دی، اللہ نے ہمیں شاندار فتح سے نوازا، حکومت اور عوام اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے باعث تاریخی کامیابی ملی۔

شہباز شریف کہتے ہیں کہ آرمی چیف نے ثابت کیا وہ فیلڈ مارشل کے رینک کے حقدار ہیں، ایئرچیف مارشل ظہر بابر سدھو نے بھی بھارتی طیارے گراکر اپنی پیشہ وارانہ مہارت کو ثابت کیا، جس کے بعد بھارت کو میدان جنگ اور سفارتی محاذوں پر بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا، عالمی مالیاتی فنڈ کے ساتھ کامیاب معاہدے سے معیشت کا استحکام ملا، معاشی استحکام کے لیے بنیادی سطح پر اصلاحات کی ضرورت ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات